ورلڈکپ،ناقابل شکست انڈیا نے جنوبی افریقہ کو بھی ٹھکانے لگا دیا

50 / 100

فوٹو : ایکس

کولکتہ: ورلڈکپ،ناقابل شکست انڈیا نے جنوبی افریقہ کو بھی ٹھکانے لگا دیا، بھارت نے یک طرفہ مقابلے کے بعد میچ اپنے نام کیا،ایونٹ کے 37ویں میچ میں جنوبی افریقہ کو 243 رنز سے شکست دیدی۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے جنوبی افریقہ کو جیت کےلیے 327 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں ان فارم جنوبی افریقی ٹیم 83 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

بھارتی کپتان نےکولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جانے والے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، بھارت کی پہلی وکٹ 62 پر جبکہ دوسری وکٹ 10.3 اوورز میں 93 رنز پر گری۔

روہت شرما اور شُبمن گِل کے آؤٹ ہونے کے بعد ویرات کوہلی اور شریاس ایّر نے شاندار پارٹنرشپ بنا کر بڑے ٹوٹل کی بنیاد رکھی۔

ویرات کوہلی نے 121 گیندوں پر 101 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر کیریئر کی 49ویں سنچری مکمل کی جبکہ شریاس ایّر 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے دیگر کھلاڑیوں میں روہت شرما نے 40، شبمن گل نے 23، سوریا کمار یادیو نے 22 جبکہ رویندرا جڈیجہ نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنائے، جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی اینگیڈی، مارکو یانسن، کگیسو رباڈا، تبریز شمسی اور کیشو مہاراج نے ایک ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی بلے بازوں کی ایک نہ چلی اور پوری ٹیم 28ویں اوور میں 83 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

آل راؤنڈر مارکو یانسن 14 رنز بنا کر نمایاں رہے، راسی وندر ڈوسن نے 13 رنز بنائے جبکہ ٹیمبا باووما اور ڈیوڈ ملر نے 11، 11 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے رویندرا جڈیجا نے 5 وکٹیں لیں۔ محمد شامی اور کلدیپ یادیو نے دو دو جبکہ محمد سراج نے ایک وکٹ لی۔

بھارت کی ایونٹ میں یہ مسلسل آٹھویں کامیابی ہے۔ اس فتح کے ساتھ ہی بھارت 16 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہے جبکہ جنوبی افریقہ کا دوسرا نمبر ہے۔

شاندار سنچری پرفارمنس پر ویرات کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، یہ دونوں ٹیمیں پہلے ہی ورلڈکپ سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔

Comments are closed.