جماعت اسلامی کا بجلی کے بھاری بلوں پر سپریم کورٹ جانے کا اعلان

45 / 100

فائل:فوٹو

کندھ کوٹ: جماعت اسلامی نے بجلی کے بھاری بلوں کے معاملے پر سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا جبکہ خیبرپختونخوا بار کونسل نے بھی بلوں میں اضافے کے خلاف عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔سراج الحق کاکہناہے کہ یہ بجلی کا بل نہیں بلکہ موت کا پروانہ ہے۔

کندھ کوٹ میں بجلی کی قیمت میں اضافے اور ٹیکسسز کے خلاف منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ ہم بلوں کے معاملے پر سپریم کورٹ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دو ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کے ذریعے حکومت کو فیصلہ لینے پر مجبور کریں گے، جماعت اسلامی عوام کیلیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ یہ بجلی کا بل نہیں بلکہ موت کا پروانہ ہے، پی ڈی ایم اور پی پی نے آئی ایم ایف سے غلط معاہدے کیے جس کا نتیجہ قوم بھگت رہی ہے۔

ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں بجلی بلوں میں اضافے کے خلاف گیارہویں روز بھی عوامی اور تاجروں کے احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔ جہاں صارفین نے بجلی کے بلوں کو آگ لگائی۔

لاہور میں کالا شاہ کاکو، جامع مسجد روڈ، سکھو موڑ راولپنڈی، سرگودھا، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ جبکہ حیدر ا?باد میں جمعیت علما پاکستان کے تحت مظاہروں میں مظاہرین نے بجلی بلوں کے خلاف احتجاج کیا اور بلوں کو احتجاج نذر آتش کیا۔

سول سوسائٹی کا کوئٹہ پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔خیبرپختونخوا بار کونسل نے بجلی اور گیس بلوں میں اضافے کے خلاف عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

بار کونسل کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بجلی اور گیس بلوں میں اضافہ کو مسترد کرتے ہیں، احتجاج کے طور پر کل وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے اور تمام عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کریں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام دو وقت کی روٹی کے لئے ترس رہے ہیں، بیوروکریٹس، ججز، جرنیلوں کے لئے مفت بجلی، گیس، پٹرول اور ہوائی سفر کی سہولت ختم کیا جائے۔

Comments are closed.