آئین شکنوں اور فسطائی مجرموں کے اجلاسوں،اعلامیوں کی کوئی حیثیت نہیں

فواد چوہدری

50 / 100

فوٹو : فائل

لاہور: پی ڈی ایم اتحاد کے اجلاس کے اعلامیے پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل، تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہےآئین شکنوں اور فسطائی مجرموں کے اجلاسوں،اعلامیوں کی کوئی حیثیت نہیں، یہ دستور کی پامالی کے مرتکب لوگ ہیں۔

حکمران اتحاد اجلاس کے اعلامیہ میں کے ردعمل میں جاری بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں انتشار و ہیجان کے خالق گروہ سے امید تھی کہ آٹے کی قطاروں میں لگ کر موت کے منہ میں جانے والے دو درجن شہریوں کی اموات پر معافی مانگیں گے.

مجرموں کا فسطائی گروہ سفاکیت کی تاریخ رقم کرتے ہوئے آئین شکن گروہ براہِ راست آئینِ پاکستان پر حملہ آور ہے، فواد چودھری نے کہاپاکستان میں سنگین ترین معاشی و سیاسی بحران کا سبب فسطائیوں کا یہی گروہ ہے.

گزشتہ گیارہ ماہ کے دوران انہوں نے معیشت و حکومت کی چولیں ہلا دی ہیں، ملک میں موجود سیاسی و معاشی بحرانوں کا واحد حل صاف شفاف انتخابات ہیں جن میں انہیں اپنی سیاسی موت نظر آتی ہے.

فواد چوہدری نے کہا دستور کا آرٹیکل 224 اسمبلیوں کی تحلیل کےبعد 90 روز میں انتخابات کے انعقاد کا واضح اور دوٹوک حکم دیتا ہے، فواد چودھری نے کہاکہ نو، سات، پانچ یا تین رکنی بنچ کا نہیں معاملہ انتخاب کے 90 روز کی آئینی مدت میں انعقاد کا ہے.

انھوں نے کہا فسطائیوں کا گروہ 90 روز میں انتخاب کے انعقاد سے فرار کیلئے قوم کو ججز اور بنچز کی بحث میں الجھانا چاہتا ہے، آڈیو لیکس کے ذریعے ججوں کو نشانہ بنانے اور بنچز کی تشکیل پر اعتراضات کی آڑ میں یہ گروہ سپریم کورٹ کو آئین کے تحفظ سے باز رکھنا چاہتا تھا.

سپریم کورٹ کو آئین کی پاسبانی ہی سے باز رکھنے کیلئے انہوں نے پارلیمان کو استعمال کرنے کی شرمناک کوشش بھی کی،مجرم وزیرِداخلہ، کٹھ پتلی وزیرِقانون اور کنیز وزیراطلاعات مقدمے کی سماعت سے پہلے ہی عدالت کا فیصلہ نہ ماننے کا اعلان کرچکے تھے.

انھوں نے کہا ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ سمیت تمام آئینی ماہرین یکجا اور یک آواز ہیں کہ آئین 90 روز میں انتخابات کے انعقاد کا حکم دیتا ہے، 2 روز پہلے لاہور میں منعقدہ آل پاکستان وکلاء نمائندہ کنونشن نے اپنے اعلامیے میں آئین کی منشاء اور سپریم کورٹ کی تشریح کی تائید و توثیق کی.

فواد چودھری نے کہا سپریم کورٹ کو خوف اور دباؤ کی لگامیں ڈالنے والوں نے بالآخر دستورِ پاکستان کیخلاف کھلی بغاوت کا اعلان کردیا ہے، انھوں نے کہادستور کا آرٹیکل 218(3) الیکشن کمیشن کو انتخاب کے انعقاد کی ذمہ داری سونپتا ہے، انتخاب سے فرار میں سہولتکاری کا حق نہیں دیتا.

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے 11 ماہ میں آئین و قانون کی دھجیاں اڑانے والے مجرم فسطائیوں کے اس حملے کے بعد آئین بحالی کی ملک گیر تحریک کا وقت آن پہنچا ہے، دستور کے تحفظ اور ملک میں قانون کی حکمرانی کیلئے عوام کو بالمعموم اور وکلاء و سول سوسائٹی کو بالخصوص نکلنا ہوگا.

تحریک انصاف صورتحال پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہے اور پوری قوم کے ساتھ اپنی عدلیہ کی پشت پر کھڑی ہے، فواد چودھری کا کہنا ہےضرورت پڑی تو اپنی عدلیہ کی آزادی اور دستور کی بحالی کیلئے چیئرمین عمران خان ملک گیر تحریک کا اعلان کریں گے۔

Comments are closed.