عام انتخابات کےلئےمطلوبہ فنڈز مہیا کرنا مشکل ہے، سیکرٹری خزانہ

50 / 100

فوٹو: فائل 

اسلام آباد:سیکرٹری خزانہ نے کہا ہے عام انتخابات کےلئےمطلوبہ فنڈز مہیا کرنا مشکل ہے، سیکرٹری خزانہ کا پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کے حوالے سے اجلاس میں متعلقہ حکام کو بریفنگ۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کے معاملے پرالیکشن کمیشن کا وزارت داخلہ و وزارت خزانہ حکام کے ساتھ اجلاس ہوا جس کے بعد اعلامیہ جاری کیاگیاہے۔

اجلاس میں سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری داخلہ و ممبران الیکشن کمیشن نے شرکت کی، اجلاس کا مقصد انتخابات کے لئے فنڈز اور سیکورٹی کی فراہمی یقینی بنانا تھا۔

اس موقع پر سیکریٹری خزانہ کو بتایا گیا کہ پورے ملک میں جنرل الیکشن کے انعقاد کے لئے 65 ارب کے فنڈز درکار ہوں گے،پنجاب اور کے پی کے انتخابات کے لئے 20 ارب کے فنڈز فوری طور پر  درکار ہوں گے۔

اعلامیہ کے مطابق 20 ارب میں سے ابھی تک کمیشن کو صرف 5 ارب دیئے گئے ہیں، الیکشن کمیشن کو اس مالی سال میں مزید 15 ارب کے فنڈز درکار ہیں، سیکرٹری خزانہ نے الیکشن کمیشن کو ملک کی مجموعی معاشی صورتحال پر تفصیلی بریف کیا۔

سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ مطلوبہ فنڈز مہیا کرنا وزرات خزانہ کے لئے مشکل ہے، وزارت خزانہ  وفاقی حکومت سے مشاورت کرنے کے بعد ہی حتمی جواب دے گی۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن  سکیورٹی کے حوالے سے کمیشن کو آگاہ کیا،پولیس کے علاوہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پنجاب میں 2 لاکھ 97 ہزار نفری درکار ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا 56 ہزار مزید نفری درکار ہوگی،سیکرٹری داخلہ فوج، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کر کے درکار نفری کا بندوبست کرکے کمیشن کو آگاہ کریں گے۔

الیکشن کمیشن کل آئی بی، آئی ایس آئی اور دونوں صوبوں کی سی ٹی ڈی سے میٹنگ کرے گا،دونوں صوبوں کے انسپکٹر جنرل اور چیف سیکرٹری کو بھی اگلے ہفتے میٹنگ کے لئے بلایا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن انتخابات کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے وزارت دفاع سے بھی میٹنگ کرے گا، گورنر خیبر پختونخوا نے اگلے ہفتے کمیشن کے ساتھ میٹنگ کی خواہش کا اظہار کیا ہے،گورنر خیبرپختونخوا سے ملاقات میں الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ کیا جائے گا۔

Comments are closed.