پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ہتھیار رکھنے والا ملک ہے،کورکمانڈرز کانفرنس

8 / 100

فائل:فوٹو

راولپنڈی :پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں ملک کے نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیاہے۔

آئی ایس پی ار کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں 252ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔

شرکاء نے موجودہ اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال اور فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جامع جائزہ لیا۔ انہوں نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آرمی چیف نے سیلاب کے دوران فارمیشنز کی آپریشنل تیاری اور مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔

شرکاء کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور بالخصوص سندھ و بلوچستان میں سیلاب کے بعد کی صورتحال، ریلیف و بحالی کی کوششوں میں فوج کی جانب سے سول انتظامیہ کی مدد سے آگاہ کیا گیا۔

آرمی چیف نے تمام خطرات کے خلاف مادر وطن کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔ فورم نے پاکستان کے مضبوط نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول اسٹرکچر اور ملک کے اسٹریٹجک اثاثوں سے متعلق سیکیورٹی انتظامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ہتھیار رکھنے والا ملک ہے.

کور کمانڈر نے کہا کہ پاکستان نے اپنے جوہری سلامتی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں، ہمارا نظام بین الاقوامی بہترین اقدامات کے برابر ہے۔

Comments are closed.