لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کوگرفتار کرنے سے روک دیا

لاہور( ویب ڈیسک)لاہورہائیکورٹ نے نیب کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی گرفتاری سے روک دیا۔

نیب کی ٹیم آج حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے ماڈل ٹاوٴن لاہور میں واقع شہبازشریف کی رہائش گاہ 96 ایچ پر پہنچی تھی تاہم اسے حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے کے لیے کئی گھنٹے باہر انتظار کرنا پڑا۔

اس دوران مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی پولیس سے جھڑ پ بھی ہوئی اور مشتعل کارکن راستے بند ہونے کے باوجود پہنچ گئے تھے۔

حمزہ شہباز کے وکلا نے پہلے نیب ٹیم کی کارروائی پر لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی بعد میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے ملاقات کی اور معاملے سے آگاہ کیا۔

حمزہ شہباز کے وکلا نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بتایا کہ نیب کی ٹیم ان کے موٴکل کو گھر میں گھس کر گرفتار کرنا چاہتی ہے، اس معاملے سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے لہٰذا نیب کو گرفتاری سے روکا جائے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کے وکلا کی درخواست پر اپنے چیمبر میں درخواست کی سماعت کی اور عبوری حکم جاری کیا۔

عدالت نے نیب کو حمزہ شہباز کی گرفتاری سے روک دیا اور پیر 8 اپریل تک انہیں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا عدالتی حکم ملنے کے نیب کی ٹیم ماڈل ٹاوٴن سے روانہ ہوگئی۔

Comments are closed.