فضل الرحمان حکومت مخالف کاونٹ ڈاون 48گھنٹوں تک لے آئے

54 / 100

فوٹو: فائل

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام ) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان حکومت مخالف کاونٹ ڈاون 48گھنٹوں تک لے آئے، کہتے ہیں اس بار سو فیصد کامیابی کا یقین ہے۔

اسلام آباد میں میڈ یا سے مولانا فضل الرحمان نے اگلے 48 گھنٹوں میں بڑی خوشخبری آنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے
اپوزیشن قیادت اپنا ہوم ورک مکمل کرچکی ہے۔

اپوزیشن اتحاد کے سربراہ نے دعویٰ سے کہا کہ اگلے 2 سے 3 دن بہت ہی اہم ہیں، ہوسکتا ہے اگلے 48 گھنٹوں میں بڑی خوشخبری آجائے گی۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، یہی نہیں بلکہ ہم حکومتی اتحاد کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد اور اجلاس کی ریکوزیشن دونوں ہی پر غور ہورہا ہے، ہماری لیگل ٹیم کے آپس میں مربوط رابطے ہیں اور سارے امور کو دیکھا جارہا ہے۔

اس دوران جب ان سے سوال کیاگیا کہ کیا آپ تحریک عدم اعتماد میں کامیاب ہوجائیں گے؟توان کا جواب تھا کہ میں 100 فیصد یقین کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ اس بار ہماری کامیابی یقینی ہے۔

جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ اگر وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی کامیاب ہو گئی تو آئندہ کی ہیت ترکیبی کیا ہوگی؟جواب دینے کے بجائے مولانا نے الٹا سوال کیا کہ کیا آپ کو سب کچھ بتا دوں؟

ان کا دعویٰ تھا کہ اپوزیشن تمام حل طلب امور پر اتفاق رائے کرکے بہت آگے پہنچ چکی، اپوزیشن نے اپنے تمام اراکین اسمبلی کو اسلام آباد فوری پہنچنے کی ہدایت کردی۔

واضح رہے مولانا سمیت تمام اپوزیشن رہنماوں کے دعووں کے باوجود صورتحال غیر واضح ہے کیو نکہ مولانا فضل الرحمان اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اس سے قبل بھی بڑے بڑے دعوے کرتے آئے ہیں جو وقت کے ساتھ ہوا میں تحلیل ہوتے رہے ہیں۔

Comments are closed.