پاکستانیوں کیلئے 10سال بعد کویت کے ویزے بحال


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) کویت نے پاکستانیوں کیلئے 10 سال بعد پاکستانیوں کے لیے ویزے دینے کا سلسلہ بحال کردیا ہے ، شیخ رشید کے دورے کے بعد وزارت داخلہ نے قوم کو خوشخبری سنادی۔

وزارت داخلہ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق کویت نے پاکستانیوں کے لیے فیملی، بزنس اور ٹیکنیکل ویزا بحال کردیا ہے،ویزا بحالی کا فیصلہ کویتی وزیراعظم اور شیخ رشید کی اہم ملاقات کے دوران کیا گیا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کویت کے وزیراعظم شیخ صباح خالد الحامد الصباح سے ملاقات کی ، اس موقع پر کویت کے وزیر داخلہ اور پاکستانی سفیر بھی موجود تھے۔

اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ ملاقات کے دوران پاک کویت دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی، شیخ رشید نے کویتی وزیراعظم کے روبرو ویزا بحالی کی بات رکھی۔

ملاقات میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا خصوصی مراسلہ کویتی وزیراعظم کو پیش کیا،اس موقع پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھاکہ تمام پاکستانی کویت کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

ملاقات کے دوران کویتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات سات دہائیوں پر محیط ہیں، دونوں ممالک کے عوام میں محبت اور اعتماد کا رشتہ ہے۔

شیخ رشید اور شیخ صباح خالد الحامد الصباح کی ملاقات میں 2011ء سے بند پاکستانی شہریوں کے لیے کویتی ویزا کی بحالی پر پیشرفت سامنے آئی،وزارت داخلہ کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزا فوری بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیاہے کہ پاکستانی ورکز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزا جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، پاکستانیوں کے لیے کویتی ویزا بحالی کے بعد خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانی آن لائن ویزا لے کر کویت جاسکیں گے۔

واضح رہے موجودہ حکومت کے اہداف میں بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا بھی اہم ہدف ہے اور اس مقصد کیلئے وزیراعظم کی خواہش پر وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کویت کا دورہ کیا۔

Comments are closed.