حج کے خواہشمند افراد حتمی اعلان تک بکنگ نہ کرائیں، وزارت مذہبی امور


اسلام آ باد (زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزارت مذہبی امور نے واضح انتباہ کیاہے کہ حج 2021پر روانگی کے خواہشمند افراد حتمی اعلان سے قبل حج کی بکنگ سے اجتناب کریں۔

عوام الناس کیلئے وزارت مذہبی امور کے پیغام میں واضح کیا گیاہے کہ سعودی حکومت نے ابھی تک نہ تو حج 2021 سے متعلق حتمی اعلان کیا ہے اور نہ ہی کسی ملک کو حج کوٹہ دیا ہے۔

بتایا گیاہے کہ حج کوٹہ ملنے پر وزارت مذہبی امور حج پالیسی 2021 کا باقاعدہ اعلان کرے گی اور حج کی اجازت ملنے کی صورت میں وزارت سے رجسٹرڈ اور کوٹہ ہولڈر حج کمپنیوں کی حتمی فہرست ویب سائٹ پرآویزاں کرے گی۔

عوام کو آگاہ کیا گیاہے کہ اس سے قبل کسی بھی شخص یا کمپنی سے حج بکنگ ہر گز نہ کروائیں کیونکہ حج 2021بکنگ کی آڑ میں بعض دھوکے باز عناصر انہیں مالی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

عوام حج سے متعلق وزارت کے حتمی اعلان کا انتظار کریں۔ وزارت نے اپنی رجسٹرڈ اور کوٹہ ہولڈر حج کمپنیوں پر بھی واضح کیا ہے کہ وزارت کے حتمی اعلان سے قبل کوئی بھی حج بکنگ نہ صرف غیر قانونی تصور ہو گی بلکہ اس پر تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

Comments are closed.