امریکہ کو اڈے دینا تاریخی غلطی ہوگی، افغان طالبان

فوٹو :فائل

کابل: امریکہ اڈے دینے کی خبروں پرافغان طالبان کا ردعمل سامنے آیا ہے جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ خطے میں امریکی اڈوں کا قیام عظیم اور تاریخی غلطی ہوگی امید ہے اس کی ہمسایہ ممالک کبھی اجازت نہیں دیں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان طالبان کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے بھی امریکی اڈوں کی خطے میں موجودگی کی سخت مخالفت کی ہے.

بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر اب بھی فوجی اڈے قائم کیے جاتے ہیں تو یہ تاریخی غلطی اور بدنامی ہوگی ہم نے بار بار یقین دہانی کرائی ہے کہ ہماری سرزمین دوسروں کی سلامتی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی.

طالبان کا کہنا ہے کہ جواب میں ہم بھی یہ چاہتے ہیں کہ کوئی دوسری سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہ ہو۔ امید ہے ہمسائیہ ممالک ہم پر حملے کے لیے اپنی زمین اور فضائی حدود استعمال نہیں ہونے دیں گے.

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسا کیا گیا تو اس کی ذمہ داری انہی پر عائد ہوگی اور انہیں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا جو ایسی غلطیاں کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ پینٹاگون کے عہدیدار ڈیوڈ ایف ہیلوے نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان نے امریکا کو افغانستان تک رسائی کے لیے اپنی سرزمین کے استعمال کی اجازت دیدی ہے.

دوسری طرف پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ نے امریکی بیان کو بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا تھا جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود نے اس خبر کو غلط قرار دیا ہے.

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کے ہوتے ہوئے ایسا سوچا بھی نہیں جا سکتا ہے کیونکہ وہ تو ہمیشہ سے اڈوں مخالف رہےہیں اپنی حکومت میں اجازت کیسے دے سکتے ہیں.

Comments are closed.