وزیر خارجہ شاہ محمود کا امریکی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)‏ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا امریکی ہم منصب انتھونی بلکن کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں فلسطین کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی.

شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب کو زیر قبضہ فلسطینی علاقوں میں جاری اسرائیلی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے حوالے سے پاکستانی قوم کے شدید اضطراب سے آگاہ کیا.

وزیر خارجہ نے فلسطین میں بڑھتی ہوئی کشیدگی میں کمی لانے اور امن کی بحالی کیلئے امریکا کی جانب سے موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے.

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور اہم علاقائی امور پر تبادلہ ء خیال

پاکستان، امریکہ کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعاون، علاقائی روابط کے فروغ اور جنوبی ایشیا میں قیام امن کیلئے یکساں سوچ پر استوار، وسیع البنیاد اور جامع شراکت داری کا خواہاں ہے مخدوم شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ نے امریکی ہم منصب کو وزیر اعظم عمران خان کے” نیا پاکستان وژن” کے خدوخال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں

اس وژن کا محور، قیام امن، ترقی میں شراکت داری اور علاقائی روابط کا فروغ ہے مخدوم شاہ محمود قریشی

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے.

انھوں نے کہا افغان مسئلے کے دیرپا اور جامع سیاسی حل کی ذمہ داری افغانوں ، اہم علاقائی و بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز پر مشترکہ طور پر عائد ہوتی ہے.

وزیر خارجہ نے افغان مسئلے کے جامع سیاسی حل کو عملی جامہ پہنانے کیلئے افغانستان سے افواج کے ذمہ دارانہ انخلاء، تشدد کے واقعات میں کمی اور مکمل سیز فائر کی ضرورت پر زور دیا.

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں، دہشت گردی کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے اٹھائے گئے سخت آئینی اقدامات سے آگاہ کیا.

دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے دو طرفہ اور اہم علاقائی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا.

Comments are closed.