اپوزیشن کے ساتھ قومی مسائل پر بات چیت کیلئے تیار ہیں،وزیر خارجہ


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت قومی مسائل پر حزب اختلاف کے ساتھ پارلیمنٹ میں بات چیت کیلئے تیار ہے تاہم احتساب کے جاری عمل پر کوئی بات نہیں ہوگی۔

پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتساب کے عمل سے ہٹ کر مسائل پر بات کریں گے لیکن وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ بدعنوان عناصر کو این آر او نہیں دیا جائے گا۔

شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں، سیاسی عمل اور مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں اگر قومی مسائل پر بیٹھے گی تو ان کی تجاویز کاخیر مقدم کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی قیادت جاتی امراء لاہور میں ایک اجلاس منعقد کررہی ہے تاہم اتحاد میں شامل جماعتوں کے درمیان اختلافات پہلے ہی سامنے آچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کی جماعت آئندہ ضمنی انتخابات اور سینیٹ کے انتخابات میں حصہ لے گی اور وہ اسمبلیوں سے استعفے نہیں دے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کسی لانگ مارچ کی تاریخ کا فیصلہ نہیں کیا، امید یہ کی جانی چایئے کہ پی ڈی ایم کو حقائق کاادراک کرتے ہوئے بات چیت کی طرف آنا چایئے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے بارے میں پاکستان کا موقف واضح ہے، ان مسائل کے بارے میں قائداعظم محمد علی جناح کا موقف ہمارے لئے رہنماء اصول ہے۔

Comments are closed.