شرقپوری سے لیگی ارکان کی بدتمیزی، سر پہ لوٹا رکھ دیا

لاہور(ویب ڈیسک)مسلم لیگ (ن ) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل شرقپوری کے ساتھ مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی کی بد تمیزی،

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کرنے پر ان کے سر پر لوٹا رکھ دیا گیا۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر لیگی ارکان اسمبلی نے شدید احتجاج کیا اور پارٹی سے بغاوت کرنے والے ارکان کا گھیراؤ کرتے ہوئے ایوان میں داخلے سے روک دیا۔

باغی رکن میاں جلیل شرقپوری کی پنجاب اسمبلی آمد پر ن لیگ اراکین اور کارکنوں نے احتجاجاً میاں جلیل شرقپوری کے سر پر لوٹا رکھ دیا جب شرقپوری نے پوچھا کہ یہ بد معاشی ہے تو جواب ملا ہاں بد معاشی ہے.

بعد میں میاں جلیل شرقپوری نے اپنے ساتھ ہونے والے تضحیک آمیز سلوک کے خلاف اسپیکر کو درخواست جمع کروادی، میاں جلیل کا کہنا تھا کہ لیگی رکن میاں رؤف اوردیگر نے میرے ساتھ بدتمیزی کی، یہ معاملہ جماعت کا نہیں بلکہ چند افراد کا ہے۔

جلیل شرقپوری کا موقف تھا کہ وزیراعلیٰ سے ملنا کوئی غلط بات نہیں، اگر مجھے ملاقات سے روکنا ہے تو وزیراعلیٰ روکیں،
نواز شریف کے بیانیے میں الفاظ انتہائی سخت ہیں، اداروں کے خلاف اتنی سخت زبان استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

دوسری طرف اسپیکرپنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے جلیل شرقپوری کی درخواست سے لاعلمی کا اظہار کیاان کا کہنا تھا کہ واقعہ ایوان کے اندر نہیں باہر ہوا ہے اور یہ ان کی اپنی پارٹی کا معاملہ ہے۔

اس سے قبل آج پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے مولانا غیاث الدین کو مسلم لیگ ن کے اراکان نے ایوان سے نکال دیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ن) کے ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی جنہیں بعد ازاں شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے پارٹی سے نکال دیا گیا تھا.

نواز شریف دولت بچانے کیلئے لندن بیٹھے ہیں 

مسلم لیگ ن سے نکالے گئے ارکان میں مولانا غیاث الدین، فیصل نیازی، میاں جلیل شرقپوری بھی شامل ہیں تاہم ان ارکان کا موقف ہے کہ انھوں نے آزادی اظہار رائے کا استعمال کیا ہے.

مولانا غیاث الدین نے ایوان سے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف صرف اپنے بچوں اور اپنی دولت بچانے کیلئے ادھر بیٹھے ہوئے ہیں اتنے بہادر ہیں تو پاکستان آئیں اور مقدمات کا سامنا کریں اس بات میں غلط کیا ہے.

Comments are closed.