شاہ محمود کا سعودی ہم منصب سے رابطہ، حوثی حملوں کی مذمت

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیل فونک رابطہ ہوا ہے.

بدھ کو دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے مابین ہونے والی بات چیت میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس حوالے سے دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات گہرے اور تاریخی نوعیت کے ہیں۔

انھوں نے کہا اہم علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان اور سعودی عرب کے موقف میں پائی جانے والی مماثلت خوش آئند ہے۔ دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کی دل کھول کر معاونت کی۔

شاہ محمود قریشی نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ حرمین کا تقدس ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی عرب کی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہم سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں، دونوں وزرائے خارجہ نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر مشاورتی سلسلے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Comments are closed.