پی آئی اے کی سعودی عرب کیلئے آج سے پروازیں شروع ہوں گی

فوٹو: عرب نیوز

کراچی(زمینی حقائق ڈاٹ کام)آج سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی سعودی عرب کے لیے پروازیں شروع ہو رہی ہیں، سعودی عرب نے بین الاقوامی پروازوں پر سے پابندی جزوی طور پر ہٹانے کا اعلان کیاتھا.

ترجمان پی آئی اے کے حوالے سے سعودی خبر رساں ادارے اردو نیوز کا کہنا ہے کہ پاکستان سے سعودی عرب جانے کے لیے ٹکٹس کی بکنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے عبد اللہ حفیظ کا کہنا ہے کہ پاکستان سے سعودی عرب کے لیے ہفتہ وار 23 پروازیں چلائی جائیں گی جن کی ٹکٹس کے فروخت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے سعودی عرب کے لیے پہلے خالی پروازیں چلائی جا رہی تھیں تاکہ سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں کو واپس لایا جاسکے تاہم اب پاکستان سے سعودی عرب جانے والے مسافر ٹکٹس بک کروا سکتے ہیں۔

عبد اللہ حفییظ کے مطابق پاکستان سے دمام، جدہ اور ریاض کے لیے پروازیں چلائی جارہی ہیں۔ ‘سعودی عرب کی جانب سے جزوی طور پر فضائی سفر پر عائد پابندیاں ہٹانے کے بعد پروازوں میں آئندہ آنے والے دنوں میں اضافہ کیا جائے گاہم نے ہفتہ وار 26 پروازیں چلانے کی اجازت مانگی ہے۔

ترجمان کے مطابق ’ٹکٹس ان مسافروں کو دی جائیں جو کہ سعودی عرب کی جانب سے دی گئی شرائط پر پورا اترتے ہوں، اقامہ ہولڈرز اور ویزہ ہولڈرز ٹکٹ بک کروا سکتے ہیں۔

پاکستان سے سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کروانا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے اور مروجہ ایس او پی کی پابندی بھی کی جائے گی.

ترجمان کے مطابق ’ایسے مسافر جنہوں نے پہلے سے ٹکٹس بک کروائی تھی اور فلائیٹس منسوخ ہونے کی وجہ سے سعودی عرب نہیں جاسکے وہ سو امریکی ڈالرز دے کر کسی بھی فلائیٹ کا ٹکٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب ہوا بازی سے متعلق سعودی حکومتی ادارے جنرل اتھارٹی آف ایوی ایشن نے غیر سعودی شہریوں کو مملکت میں آنے یا وہاں سے نکلنے کی اجازت دے دی ہے۔

اتھارٹی کی طرف سے جاری مختصر حکم نامے کے مطابق گلف کوآپریشن کونسل کے رکن ممالک کے شہریوں اور بین الاقوامی شہری جو وزٹ ویزا، ورک پرمٹ، اقامہ اور رہائشی ویزہ رکھتے ہیں کو سفر کی مکمل اجازت دے دی گئی ہے۔

اتھارٹی نے پاکستان میں موجود ان لیبارٹریوں کی فہرست جاری کر دی ہے جن کے ٹیسٹ قبول کئے جائیں گے، کراچی سے چار لیبارٹریوں کے ٹیسٹ قبول کیے جائیں گے جن میں آغا خان، سول ہسپتال، ڈاؤ ہسپتال اور انڈس ہسپتال کی لیبارٹریاں شامل ہیں۔

اسی طرح اسلام آباد میں قومی ادارہ صحت کی وائرولوجی لیب کے ٹیسٹ کو مانا گیا ہے۔
لاہور میں پرائمری اینڈ سیکینڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، شوکت خانم اور چغتائی لیب کے ٹیسٹس کو سعودی اتھارٹی نے قبول کیا ہے۔

ملتان میں نشتر ہسپتال کی لیب کے کورونا ٹیسٹ حتمی تصور ہوں گے اسی طرح پشاور سے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی پبلک ہیلتھ لیب، کوئٹہ کی سرکاری موبائل لیبارٹری اور ایف جے سی اینڈ جی ہسپتال کی لیبارٹری کے کورونا ٹیسٹ قبول کئے جائیں گے۔

سکھر کے گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، مظفر آباد کے عباس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اور گلگت بلتستان کے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی لیبارٹریوں کے نتائج سعودی اتھارٹی قبول کرے گی۔

Comments are closed.