وفاقی کابینہ نے میڈیکل سٹاف ، صحافیوں کیلئے پیکیج کی منظوری دیدی

فوٹو: سکرین گریب

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی کابینہ نے حالیہ چینی بحران پر انکوائری کرنے والے انکوائری کمیشن کوفرانزک رپورٹ پیش کرنے کیلئے کو مزید تین ہفتے دینے کی منظوری دے دی۔

کورونا وائرس کے باعث وفاقی کا بینہ کا ویڈیو لنک پر وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ویڈیو لنک کی خرابی کے باعث کچھ وزراء شریک نہ ہوسکے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کو وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے چینی انکوائری کمیشن سے متعلق کابینہ کو بریفنگ دی جس کے بعد کابینہ نے چینی بحران پر انکوائری کمیشن کو مزید تین ہفتے دینے کی منظوری دے دی ۔

کابینہ اجلاس میں مسابقتی کمیشن کے قائم مقام چیئرپرسن کی تعیناتی، متعدد لمیٹڈ کمپنیوں میں ڈائریکٹرزکی خالی اسامیوں پر نامزدگیوں، پاکستان پیٹرولیم کمپنی، سوئی نادرن گیس، پاکستان منرل ڈویلپمنٹ، آئل اینڈگیس کمپنی میں نامزدگیوں اور مالیاتی معاہدوں سے متعلق بلز 2020 کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے کورونا وائرس کے باعث طبی عملے کی معاونت کے لیے پیکج کی منظوری دی جب کہ چھوٹا کاروبار کرنے والوں کیلیے 75 ارب روپے کے پیکج کی توثیق کی، جیونیوز کے مطابق صحافیوں اور صحافتی اداروں کی مالی امداد کے پیکج کی بھی منظوری دی ۔

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں اور کورونا وائرس پر قائم قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں اور قانونی مقدمات سے متعلق کابینہ کی کمیٹی کے فیصلوں کی بھی توثیق کی ، لاک ڈاؤن کو 9 مئی تک بڑھانے کے قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلے پر بھی مہرتصدیق ثبت کردی۔

کابینہ اجلاس میں پاک عرب ریفائنری بورڈ آف ڈائریکٹرزکی تشکیل نو کی منظوری دی گئی جب کہ واپڈا کے ممبر فنانس کی تقرری کا معاملہ مؤخر کردیا گیا۔

Comments are closed.