نواز شریف آج صبح 9بجے لندن روانہ ہوں گے


فوٹو:فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزارت داخلہ کی جانب سے نوازشریف کو باہر جانے کی اجازت مل گئی، سابق وزیراعظم آج صبح 9 بجےلندن روانہ ہو جائیں گے۔

نواز شریف کو علاج کیلئے لندن لے جانے والی ائیر ایمبولینس آج شب 3 بجے قطر سے لاہور پہنچے گی شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی نواز شریف کے ساتھ بیرون ملک جائیں گے۔

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ انتظامیہ کی بھی تیاری مکمل ہے وزارت داخلہ نے لاہورہائی کورٹ کے حکم کی مصدقہ نقل ملنے کے بعد نوازشریف کو ایک بار کیلئے بیرون ملک جانے دینے کا ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت کا میمورنڈم بھی جاری کردیا گیا ہے،میمورنڈم کے مطابق عبوری انتظام کے تحت نوازشریف کوباہرجانیکی ایک بار اجازت دینیکافیصلہ کیاگیا ہے۔

نوازشریف کو 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک علاج کی غرض سے جانے کی اجازت لاہورہائی کورٹ کے حکم پردی گئی ہے جس میں توسیع بھی ہو سکتی ہے۔

وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے میمورنڈم میں شہبازشریف اور نوازشریف کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروائے گئے بیان حلفی کا بھی حوالہ شامل ہے۔

یاد رہے کہ 16 نومبر کو لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے انہیں اور شہباز شریف کو 4 ہفتوں میں وطن واپسی کے لیے حلف نامے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

اس سے قبل وفاقی کابینہ نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت 7 ارب روپے کے انڈیمنٹی بانڈ جمع کروانے کے ساتھ مشروط کی تھی جسے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مسترد کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا تھا جسے عدالت نے ختم کردیا۔

Comments are closed.