حکومت کیطرف سے تاخیر نہیں، نواز شریف گارنٹی دیں اور جائیں، فواد چوہدری

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہےکہ آج نواز شریف کو بغیر گارنٹی جانے دیا تو کل آصف علی زرداری اور خورشید شاہ بھی باہر جانے کا کہیں گے.

فواد چوہدری کا کہنا تھا حکومت پیسہ نہیں چھوڑ سکتی اور نوازشریف جب علاج کے بعد وطن واپس آئیں گے تو پیسے بھی واپس مل جائیں گے.

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ میں کل طویل میٹنگ ہوئی اور وزیراعظم کی تمام معاملات پر گہری نظر ہے، کابینہ نے نوازشریف کے معاملے کا انسانی بنیاد پر جائزہ لیا اور اسی بنیاد پر انہیں باہر جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف، مریم نواز، خواجہ آصف، نوازشریف کی کرسی سنبھالنے کی دوڑ میں ہیں، نوازشریف کی صحت پر سیاست نا کریں، انہیں سیکیورٹی بانڈز دینے دیں.

انھوں نے کہا نواز شریف واپس آئیں گے تو پیسے واپس مل جائیں گے اس لیے انہیں صحتیاب ہونے دیں، نوازشریف کی صحت سے پیسہ زیادہ اہم نہیں ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نوازشریف کوئی ایسی گارنٹی تو دیں کہ ٹھیک ہوکر وہ واپس آجائیں گے، اسحاق ڈار بھی واپسی کی یقین دہانی کراتے رہے، حسین اور حسن نواز بھی واپس نہیں آئے لہٰذا ہم پیسے معاف نہیں کرسکتے کیونکہ یہ پاکستانیوں کا پیسہ ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہاکہ برطانیہ میں انہوں نے جائیدادیں چھپائی ہوئی تھیں، آج انہیں بغیر شک جانے دیں گے تو کل زرداری اور خورشید شاہ بھی باہر جانے کا کہیں گے، ہم نے مثال قائم کرنی ہے اور بیلنس قائم کیا ہے، یہ مثال باقی لوگوں کیلئے بھی ہوگی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ 3 ہزار قیدیوں نے جیل سے نکلنے کی درخواستیں دائرکی ہیں، عدالت ای سی ایل سے نام نکال دے تو ہمارا کوئی مسئلہ نہیں، اب ساری ذمہ داری ہم پر ڈال دی گئی ہے، مسلم لیگ ن کی ساکھ متاثر ہورہی ہے، ہماری طرف سے کوئی تاخیرنہیں، ن لیگ کی طرف سے تاخیر ہورہی ہے۔

آزادی مارچ سے متعلق فواد چوہدری نے کہا کہ فضل الرحمان کے دھرنے میں روز نئے لطیفے سننے کو ملتے ہیں، وہ جہاں جہاں نکلنا چاہتے ہیں نکلیں، ہم دیکھنے کیلئے بیٹھے ہیں۔

Comments are closed.