حکومت نے نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دے دی ہے، نعیم الحق

اسلام آباد (زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے نوازشریف کو باہر جانے کی اجازت دے دی ہے.

نعیم الحق نے کہا ہے کہ اب یہ عدالت کی مرضی ہے جتنا عرصہ کے لیے اجازت دیتی ہے خواہ یہ پندرہ دن ہوں یا چھ ماہ ہوں.

وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ نواز شریف زیادہ بیمار ہیں اور ہم نے ان کی رپورٹ دیکھی ہے حکومت کی طرف سے اب کوئی رکاوٹ نہیں ہے.

ادھر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک بھجوانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے انھیں علاج کی ہر ممکن سہولیات دینے کی کوشش کی ہے.

نواز شریف ای سی ایل سے نام نکلنے کے منتظر ہیں، نوازشریف اور شہبازشریف اتوار کو  قومی پرواز سے لندن جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  نوازشریف کے علاج کےلیے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ، شریف فیملی کی نیویارک میں بھی ڈاکٹر سے بات ہورہی ہے۔

‘نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ ہو چکا ہے
ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف فیملی کی جانب سے لندن میں 2 ڈاکٹروں سے رابطہ کیا گیا  اور  ہارلے اسٹریٹ کلینک میں پیر کے لیے اپائنٹمنٹ لیا گیا ہے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کی علاج کے لیے بیرون ملک روانگی میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور ان کا نام 48 گھنٹے میں ایگزیٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالے جانے کا امکان ہے۔

نواز شریف کے بھائی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے وزارت داخلہ کو نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے ایک باضابطہ درخواست جمع کرائی گئی ہے۔

نواز شریف کا نام قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا اس لیے حکومت نیب سے مشاورت کرے گی اور قوی امکان ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں ان کا نام ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو دو روز قبل سروسز اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا جہاں سے وہ اپنی رہائش گاہ جاتی امرا منتقل ہو گئے تھے۔

نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر کہا کہ میاں صاحب کی طبیعت پہلے سے زیادہ خراب ہے اور انہیں دنیا میں جہاں بھی ممکن ہو علاج کے لیے جانا چاہیے۔


Comments are closed.