پہلامریض ہے جو نازک حالت میں اسپتال سے گھرمنتقل ہوا


فوٹو: آئی این پی

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کے لیے ہم دعاگو ہیں لیکن پہلا مریض ہے جو تشویش ناک حالت میں اسپتال سے گھر آیا ہے۔

فواد چوہدری میڈیا سے گفتگو کررہے تھے،سابق وزیراعظم نوازشریف ایک دن پہلے ہی سروسز اسپتال سے ڈسچارج ہوکر اپنی رہائش گاہ جاتی امرا منتقل ہوئے جہاں نواز شریف کے علاج کے لیے خصوصی طور پر ایک آئی سی یو بنایا گیا ہے۔

فواد چوہدری نے آزادی مارچ دھرناسے متعلق کہا کہ مولانا کے دھرنے میں لیڈرشپ گھر پر بیٹھ کر حلوہ کھا رہی ہے اور کارکن باہر ہیں، حیران ہوں کس طرح سے مولانا فضل الرحمان اپنے کارکنوں کو ہی سہولت دینے سے انکار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل جس طرح کی زبان مولانا نے اقلیتوں کے لیے استعمال کی وہ سب کے سامنے ہے، اس سے پتا چلتا ہے کہ لوگوں کو اپنی سیاست کی آزادی ہے، چاہے وہ کتنی ہی غلط کیوں نہ ہو۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مولانا نے تو اپنے بیانیہ سے قوم کو بہت نقصان پہنچایا ہے جب کہ ہم نے ترقی اور خوشحالی کا راستہ چنا ہے اس لیے حکومت اور اسلام آباد کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

اس موقع پر فواد چوہدری نے پی ٹی آئی دھرنے اور مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ دھرنے کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے دھرنے میں خواتین کو جیلوں میں ڈالا گیا تھا اور بچوں پر بھی کیسز بھی ہوئے تھے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم دنیا میں ابھرتی ہوئی قوم ہیں اور ملک کو پیچھے نہیں جانے دیں گے تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستان کو بہت آگے لے جانے کاعزم کیا ہوا ہے اور اس کیلئے کوشاں ہیں۔

یاد رہے سخت سردی کے باوجود دھرناکے شرکاء ٹھٹھررہے ہیں جب کہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کی مددکی پیشکش نہ صرف ٹھکرادی بلکہ خود وہ رات کہیں اور بسر کرتے ہیں جب کہ کارکن سخت سردی میں کھلے میدان میں رہ رہے ہیں۔

Comments are closed.