برطانوی شاہی جوڑے کی صدر مملکت اور وزیراعظم سے ملاقاتیں


فوٹو : ٹوئٹر

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان کے دورے پر آئے برطانوی شاہی جوڑے نے آج صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، شہزادی نے پاکستانی لباس زیب تن کررکھا تھا۔

ایوان صدر پہنچے پر برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن ایونِ کو صدر مملکت عارف علوی اور خاتون اول نے شاہی جوڑے کو خوش آمدید کہا، ملاقات کے دوران شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ نے حکومت کے موسمیاتی تبدیلی اورغربت کے خاتمے کے لیے اقدامات کو سراہا۔

شاہی جوڑے نے اس کے بعد وزیراعظم ہاوٴس کا دورہ کیا جہاں وزیراعظم عمران خان نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد دونوں نے وزیراعظم سمیت مختلف رہنماوٴں سے بھی ملاقاتیں کی۔

اس دوران شہزادی نے سبز اور سفید رنگ کا لباس زیب تن کیا جو پاکستان کے پرچم میں موجود رنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔

برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے یونیورسٹی کالونی اسلام آباد میں ماڈل کالج فار گرلز کا بھی دورہ کیا اور وہاں طالبات سے ملاقات کی جب کہ کالج انتظامیہ نے شاہی جوڑے کو پاکستان میں تعلیمی نظام سے آگاہ بھی کیا۔

شاہی جوڑے نے کالج کے مختلف حصے دیکھے اور ریاضی کی کلاس کا جائزہ بھی لیا، اس موقع پرشہزادی کیٹ مڈلٹن نے مشرقی لباس کا انتخاب کیا اور نیلے رنگ کی خوبصورت قمیض شلوار اور دوپٹہ زیب تن کیا جو مقامی ڈیزائنر ماہین خان نے ترتیب دیا۔


شہزادی کیٹ مڈلٹن نیلے رنگ کے مشرقی لباس میں. فوٹو ٹوئٹر

نیلے رنگ کے مشرقی لباس میں شہزادی انتہائی دلکش دکھائی دیں اور ان کا لباس سب کی توجہ کا مرکز رہا، اس کے بعد شاہی جوڑا مارگلہ ہلز پہنچا اور دلکش نظاروں سے خوب لطف اندوز ہوا اور چہل قدمی کی۔

شاہی جوڑے کی پاکستان آمد سے متعلق وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ برٹش ائیر ویز کی بحالی کے بعد شاہی جوڑے کی پاکستان آمد نئے، روشن اور پرعزم پاکستان کی آئینہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دورہ پاک برطانیہ تعلقات کی مضبوطی سمیت دنیا بھر میں ملک کے حقیقی اور مثبت تشخص کو اجاگر کرے گا، پاکستان سیاحوں کے لیے حسین اور پرکشش منزل بن کر ابھر رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ شب برطانوی شاہی جوڑا خصوصی طیارے کے ذریعے نور خان ائیربیس پر پہنچا تھا جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔

شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن 16 اکتوبر کو لاہور جائیں گے جہاں وہ لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد کا دورہ کریں گے اور ایک ایس او ایس ویلج اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھی جائیں گے۔

شاہی جوڑے کی آمد کے موقع پر راولپنڈی اور لاہور میں رکشوں کو خیر مقدمی پینٹنگز سے بھی سجایا گیا ہے،برطانوی شاہی مہمان 17 اکتوبر ایک دن چترال میں گزاریں گے جہاں سے واپسی پر 18 اکتوبر کی دوپہر ڈیڑھ بجے وہ برطانیہ روانہ ہو جائیں گے۔

Comments are closed.