مارچ روکنے کیلئے کسی نے رابطہ نہیں کیا، مولانا فضل الرحمان

چنیوٹ (ویب ڈیسک ) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کیخلاف آزادی مارچ قومی سطح کی تحریک ہے۔ صرف اپوزیشن نہیں حکومتی جماعتیں بھی ہم سے اتفاق کر چکی ہیں۔

وہ چنیوٹ میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ساری دنیا کی چوریاں ایک طرف اور حکومتی پارٹی کی چوریاں ایک طرف، 70 سال کا قرضہ موجودہ حکومت کی جانب سے لیے گئے قرضے سے کم ہے۔

مولانا نے کہا پہلے انہوں نے سیاسی مخالفین پر مقدمات درج کئے۔ احتسابی عمل کے ذریعے معاشی ناکامی سے توجہ ہٹائی جا رہی ہے۔ سارا ملک بحران سے گزر رہا ہے۔ پہلے مرغیاں، پھر کٹے اور اب لنگر خانے چلائے جا رہے ہیں۔ یہ حکومت ناکام ہی نہیں ناجائز بھی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا حکومت کشمیر کے نام پر بھی معاشی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔ پارٹی فنڈنگ کیس میں پورا ٹبر ہی چور نکلا۔ عوام کی بدحالی کی ذمہ دار حکومت کو ختم ہو جانا چاہیے۔ تمام جماعتوں نے احتجاج پر اتفاق کیا، مارچ روکنے کیلئے کسی نے رابطہ نہیں کیا۔

انھوں نے کہا ہمسایہ ممالک کے درمیان ایٹمی جنگ نہیں ہوتی، ریاست کی بات ہوتی ہے، یہ عمران خان کی حماقت ہے یا سازش؟ دنیا کے سامنے ایٹمی حملے کی بات کرکے وزیراعظم نے بہت بڑی حماقت کر دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ میں ملک کے عوام کونے کونے سے نکلیں گے۔ ہم بتائیں گے عوام کا سیلاب کیا ہوتا ہے۔ 27 اکتوبر کو مارچ کا آغاز کرنا ہے اور 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں داخل ہونگے۔ تمام مدارس پرامن ہیں، ہم پرامن شہری کی حیثیت سے اسلام آباد جائیں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ جعلی حکومت نہیں چلے گی۔ ملک کے تاجر ہڑتال کر رہے ہیں۔ عام آدمی مہنگائی کے ہاتھوں تنگ ہو چکا ہے۔ معیشت تباہ ہو چکی ہے جبکہ عوام کو روزگار نہیں مل رہا۔

Comments are closed.