آزاد کشمیرمیں زلزلے سے تباہی، 19 افراد جاں بحق، 300 سے زائد زخمی


میرپور، آزاد کشمیر (ویب ڈیسک)  آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے سے  19 افراد جاں بحق جب کہ 300 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز جہلم سے 5 کلو میٹر شمال کی طرف تھا جب کہ گہرائی زیر زمین 9 کلو میٹر تھی۔

آزاد کشمیر میں زلزلے کے نتیجے میں اب تک19افراد کے جاں بحق اور 300 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے جب کہ اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) نے تصدیق کی ہے کہ میر پور سمیت آزاد کشمیر میں آنے والے ہولناک زلزلے کے نتیجے میں اموات کی تعداد بڑھ کر 17 ہوگئی ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

آزاد کشمیر سمیت ملک کے کئی علاقوں میں شدید زلزلہ آیا ہے جس کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے عمارتوں، دفاتر اور گھروں سے باہر نکل آئے۔

سہ پہر 4 بج کر 2 منٹ پر آنے والے زلزلے سے سب سے زیادہ تباہی کی اطلاعات آزاد کشمیر کے علاقے میرپور سے ملی ہیں جہاں متعدد گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

ڈی آئی جی گلفراز خان نے بتایا کہ زلزلے میں جاں بحق افراد کی تعداد 19 ہوگئی،میرپور کے علاقے جاتلاں سے موصول ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں شدید تباہی کے مناظر کو دیکھا جا سکتا ہے۔ وہاں پر متعدد سڑکوں میں بڑے بڑے شگاف پڑ گئے ہیں اور متعدد گاڑیاں ان میں الٹ گئی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے متاثرہ علاقے میں ریلیف کے سلسلے میں متعلقہ محکموں کو ہر قسم کی معاونت کی فوری فراہمی کی ہدایت کی ہے۔

ادھر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو فوری طور پر میرپور میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کمک پہنچانے کی ہدایت کردی ہے۔

Comments are closed.