ایٹمی جنگ نتائج بھیانک،دنیا تک پھیلیں گے، عالمی برادری پہلے ہی کردار ادا کرے، عمران خان

فوٹو :سکرین گریب

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے پاکستان اور بھارت میں روایتی جنگ ہوئی تو اختتام ایٹمی جنگ ہوگا، ایٹمی جنگ کے نتائج بھیانک ہوں گےبہتر ہے عالمی برادری اس سے پہلے اپنا کردار ادا کرے۔

  عمران خان نے الجزیرہ کو انٹرویو میں کہا پاکستان اور بھارت میں روایتی جنگ ہوئی تو اختتام ایٹی جنگ ہوگا۔ ہتھیار ڈالنے اور آزادی میں انتخاب کرنا ہوا تو پاکستانی آخری دم تک لڑیں گے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایٹمی جنگ کے نتائج بھیانک ہوں گے۔ ایٹمی جنگ سے بچنے کے لیے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہم نے اقوام متحدہ میں معاملہ اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ جب 2 ایٹمی طاقتیں لڑیں گی تو اختتام بھیانک ہوگا۔ ایٹمی جنگ کے نتائج پوری دنیا میں پھیلیں گے۔ عالمی سطح پر مسئلے کو اسی لیے اٹھایا کہ جنگ سے بچا جائے.
وزیراعظم عمران خان نے اس سے پہلے ایک روسی ٹی وی کو بھی انٹرویو دیا جس میں عمران خان نے کہا تھا کہ کوئی بھی سمجھدارشخص جوہری جنگ کی بات نہیں کرسکتا، دنیا کو پاک بھارت جنگ کا نقصان ان کی سوچ سے بھی بڑھ کر ہوگا۔

عمران خان نے کہا 1962 کے بعد 2 جوہری طاقتیں آمنے سامنے ہیں، تنازعہ جوہری جنگ میں تبدیل نہ ہو، عالمی برادری مداخلت کرے، تقسیم کے وقت ہی کشمیر کا مسئلہ حل ہو جانا چاہیئے تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے، مکمل بلیک آؤٹ ہے، بھارت کشمیریوں سے فیصلہ منوانے کے لیے غیر قانونی اقدامات کر رہا ہے، اقوام متحدہ نے بھی کشمیر میں مظالم کی رپورٹ جاری کی۔

خیال رہے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی حثیت تبدیلی اور کرفیو نافذ کرنے کے بعد پاکستان مسلسل عالمی برادری کا ضمیر جھنجھوڑ رہا ہے، کل اگر خدا نخواستہ یہی آگ لگی تو دنیا لپیٹ میں بھی آئے گی اور تاریخ عالمی برادری کے تماشائی بننے کو مدتوں معاف نہیں کرے گی.

Comments are closed.