نیوز ی لینڈ کی18رنز سے جیت، بھارت ورلڈ کپ سے آوٹ

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)نیوز ی لینڈ نے ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت کو 18رنز سے شکست دے کر کوہلی الیون کا غرور خاک میں ملا دیا۔

مانچسٹر میں نیوز ی لینڈ نے بارش کے متاثرہ میچ کی اننگز آج مکمل کی اورآج 28رنز کا اضافہ کرکے بھارت کو جیتنے کیلئے240رنز کا ہدف دیا تھا

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے 240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم آخری اوور میں 221 رنز پر آل آوٴٹ ہو گئی۔

بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز روہت شرما اور کے ایل راہول نے کیا لیکن دوسرے اوور میں روہت شرما ایک رن بنا کر میٹ ہینری کی بال پر کیچ آوٴٹ ہوگئے۔

بھارتی کپتان ویرات تیسرے اوور میں بولٹ کی بال پر ایل بی ڈبلیو آوٴٹ ہوئے جب کہ چوتھے اوور کا آغاز ہوتے ہی بلے باز راہول بھی میٹ ہینری کی بال پر کیچ آوٴٹ ہو گئے۔

چوتھی وکٹ 24 کے مجموعے پر گری اور کارتھک 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے،ریشب پنٹ اور ہاردک پانڈیا 32، 32 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے اور دونوں کھلاڑیوں کو مچل سینٹنر نے آوٴٹ کیا۔

بھارت کے 6 کھلاڑی 92 رنز پر آوٴٹ ہو چکے تھے لیکن مہندرا سنگھ دھونی اور رویندرا جڈیجہ کے درمیان 116 رنز کی شراکت نے میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔

جڈیجہ نے 59 گیندوں پر چار چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتحیاب نہ کرا سکے اور 48 ویں اوور میں آوٴٹ ہو گئے۔

بھارت کو آخری دو اوورز میں جیت کے لیے 31 رنز درکار تھے، دھونی نے 49 ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر چھکا لگا یا لیکن پھر اگلی ہی گیند پر مارٹن گپٹل کی شاندار تھرو پر دو رنز لینے کی کوشش میں رن آوٴٹ ہو گئے۔

بھارتی ٹیم 50 ویں اوور میں مطلوبہ ہدف سے 18 رنز کی دوری پر آل آوٴٹ ہو گئی اور اس طرح نیوزی لینڈ نے مسلسل دوسری بار ورلڈکپ فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے 3، ٹرینٹ بولٹ اور مچل سینٹنر نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا جب کہ فرگوسن اور جمی نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بارش سے میچ رک جانے پرگزشتہ روز نیوزی لینڈ نے 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے تھے، نیوزی لینڈ نے آج اپنی ادھوری اننگز مکمل کی اور بقیہ 3.5 اوورز میں 28 رنز بنائے۔

کپتان ولمسن نے65،روس ٹیلر نے 67 رنز بنائے ۔ ٹوم لیتھم 3 رنز کے ساتھ ناٹ آوٴٹ ہیں جب کہ بھارت کی جانب سے بھونیشور کمار، ہاردک پانڈیا، بمراہ، جدیجا اور چہل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Comments are closed.