ضمنی بلدیاتی انتخابات ،کراچی سمیت سندھ کے 24 اضلاع میں پولنگ کاعمل جاری

46 / 100

فائل:فوٹو

کراچی: کراچی سمیت سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لئے آج پولنگ ہورہی ہے ۔ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے امیدوار میدان میں ہیں جبکہ ایم کیو ایم پاکستان نے ضمنی بلدیاتی انتخابات کا بھی بائیکاٹ کیا ہے۔

کراچی سمیت سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے، پولنگ صبح 8 سے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

مختلف کیٹگریز کی 63 نشستوں پر انتخابات کے لیے 434 امیدوار میدان میں ہیں، کراچی ڈویژن کی 11 یو سی چیئرمین وائس چیئرمین اور وارڈ ممبر کی 15 نشستوں پر پولنگ ہوگی۔
ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے امیدوار میدان میں ہیں جب کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ضمنی بلدیاتی انتخابات کا بھی بائیکاٹ کیا ہے۔

ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 449 پولنگ اسٹیشنز اور 1586 پولنگ بوتھس بنائے گئے ہیں، ایک بھی پولنگ اسٹیشن نارمل نہیں ہے، 292 کو انتہائی حساس اور 157 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

ضمنی انتخابات میں مرد اور خواتین ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 90 ہزار 295 ہے کراچی کے 7 اضلاع میں انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 168 ہے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں جب کہ 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکار الیکشن ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

ضلع وسطی میں یو سی 4 نیو کراچی، یو سی 6 نارتھ ناظم آباد اور یو سی 13 نیو کراچی بھی شامل، ضلع کورنگی میں یو سی 2، یو سی 3 شاہ لطیف ٹاوٴن، یو سی 8 لانڈھی پر بھی انتخاب ہوگا، ضلع غربی میں یو سی 1 اورنگی، یو سی 2 اورنگی، یو سی 8 مومن ا?باد میں پولنگ ہوگی، ضلع جنوبی میں یو سی 2 اور ضلع کیماڑی میں یو سی 2 میں چیئرمین وائس چیئرمین کی مشترکہ نشست پر پولنگ ہوگی۔

جیکب آباد، کشمور اور شکار پور میں 1،1 نشست پر انتخاب ہوگا، گھوٹکی، سکھر اور خیرپور میں 2،2 نشستوں پر، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، ٹنڈوالہ یار اور مٹیاری میں بھی 1،1 بلدیاتی نشست پر ضمنی انتخاب ہوگا جب کہ حیدرآباد 10 اور نوشہروفیروز میں 3 نشستوں پر، جامشورو 1، دادو 3، بدین 2، سجاول 2 اور ٹھٹھہ میں 3 نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوگا۔

کراچی میں کورنگی میں 5، ملیر 1 اور ضلع شرقی کراچی میں 6 نشستوں پر پولنگ ہوگی، جنوبی میں 1، غربی 3، وسطی 3 اور ضلع کیماڑی کی 7 نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوگا۔

یاد رہے کہ مختلف کیٹگریز کی 27 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں، 3 بلدیاتی نشستوں پر کسی بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔

Comments are closed.