تعلیم کے بغیر عظیم ملک کا خواب پورا نہیں ہوسکتا، وزیراعظم
اسلام آباد(زمینی حقائق)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے ملک و قوم اور نظریہ کا اصل تحفظ تعلیم سے ہی ممکن ہے۔
وہ اسلام آباد میں وفاقی اردو یونیورسٹی حیدرآباد کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سڑکیں بنتی رہتی ہیں لیکن جب لوگوں پر خرچ ہوتا ہے تو ترقی ہوتی ہے، تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک اور قوم کا اصل تحفظ تعلیم سے ہی ممکن ہے اور ہمارے نبیﷺ نے بھی مسلمانوں کو پڑھانے پر جنگی قیدیوں کو رہائی دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سنگاپورکی ایک یونیورسٹی کا بجٹ پاکستان کی تمام یونیورسٹیوں سے زیادہ ہے، چھوٹا سا سنگا پور 300 ارب ڈالر کی برآمدات کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم دی تو یہ پاکستان کو اوپر لیکر جائیں گے، نوجوانوں کو تعلیم نہیں دی گئی تو ملک نیچے چلا جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ میں نہیں سمجھ سکتا کہ یہ کونسی ذہنیت ہے جو یونیورسٹی کی مخالفت کرتی ہے، حیران ہوں کہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کی مخالفت کون اور کیوں ہو رہی ہے؟ خالد مقبول صدیقی سے پوچھوں گا کہ یہ کون لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت انصاف اور تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، نمل یونیورسٹی کا تجربہ حیدرآباد یونیورسٹی کے ساتھ شیئر کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے پاس وہ اسکالرز ہی نہیں ہیں جو مغرب کو جواب دے سکیں، مولانا فضل الرحمان یورپ یا امریکا کو کیا جواب دیں گے؟ان کا کہنا تھا کہ تعلیم پر توجہ دی جاتی تو آج ہم مغرب کو گستاخانہ خاکو ں پر جواب دے پاتے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے دور میں معاشرے میں عجیب سی چیز آگئی تھی، ٹی وی پر بیٹھ کر لوگوں نے انگریزی بولنا شروع کر دی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ 90 فیصد پاکستانیوں کو انگریزی نہیں آتی، سمجھ نہیں آتا کہ ہمیں اردو سمجھ آتی ہے اور آپ انگریزی بولنا شروع کر دیتے ہیں۔
انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی کے بارے میں کہا کہ بلاول بھٹو زرداری بھی پارلیمنٹ میں آکر انگریزی میں تقریر شروع کر دیتے ہیں، یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ انگریزی بولیں گے تو پڑھے لکھے نظر آئیں گے۔
وزیراعظم نے کہاکہا مزاق نہیں کرتا سنجیدہ بات کررہاہوں ہم انگریزی میں بول کر اپنے عوام کی توہین کر رہے ہوتے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ انگریزی میں بات کرنے کی روایت غلط ہے۔
انھوں نے سوال کیا کہ کیابرطانوی پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر کوئی فرنچ میں تقریرکرسکتاہے؟
انہوں نے کہا کہ ہمیشہ سمجھتا تھا ایم کیو ایم کا نظریہ تحریک انصاف سے ملتا ہے، اصل مسئلہ صرف شر پسندی کا تھا، خالد مقبول صدیقی اور فروغ نسیم کو کابینہ اجلاسوں میں نفیس انسان پایا۔
وزیراعظم عمران خان نے جہلم کے قریب سوہاوہ میں القادر یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس جامعہ میں سائنس اور صوفی ازم پڑھایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ القادر یونیورسٹی میں ہمارے نوجوان نبی کریمﷺ پر پی ایچ ڈی کریں گے۔
Comments are closed.