مسجد نبوی واقعہ، درخواست گزاروں کو غیر ضروری ہراساں نہ کریں،چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ

45 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسجد نبوی واقعے پر شیخ رشید اور فواد چوہدری سمیت دیگر تحریک انصاف کے رہنماوٴں کے خلاف مقدمات میں درخواست گزاروں کو غیر ضروری ہراساں نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مقدمات کے خلاف درخواستوں کی سماعت کی، درخواست گزار اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکے وکیل نے کہا کہ 25 مئی کو آزادی مارچ پر بھی پورے ملک میں مقدمات درج کیے گئے، ہمیں ان سب مقدمات کا بھی ریکارڈ چاہیے۔

شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ ان کے موٴکل کے گھر پر کئی بار چھاپے مارے گئے ہیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے دوران سماعت ریمارکس دئیے کہ یہ عدالت صرف اسلام آباد کی حد تک حکم دے سکتی ہے۔

چیف جسٹس نے پولیس کو ہدایت کی کہ غیر ضروری ہراساں نہ کریں، وہ کام نہ کریں جو ہمیشہ سے ہوتے رہے ہیں، بلاوجہ لوگوں کے خلاف مقدمات درج کرنا اچھی بات نہیں ہے۔

عدالت نے درخواست گزاروں کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری داخلہ کو رپورٹ پیش کرنے کا آخری موقع دے دیتے ہیں۔

بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کردی۔

Comments are closed.