کو ئٹہ، وزیراعظم عمران نے میگا منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم نے کوئٹہ میں پاک فوج،بلوچستان حکومت جوائنٹ وینچر کے تحت میگا منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
اس سے قبل کوئٹہ کینٹ پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نے وزیراعظم عمران خان کا آرمی ایوی ایشن بیس پر استقبال کیا.
میگا منصوبوں میں جدید کارڈیک سنٹر اور کوئٹہ ژوب روڈ شامل ہیں، تقریب میں وزیراعظم کے ہمراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ،وزیراعلی بلوچستان اور وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، شیخ رشید، خسرو بختیار اور زبیدہ جلال نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہاگیاہے بلوچستان حکومت کے ساتھ مل کر پاک فوج نے کوئٹہ میں بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔
بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس خوشحال بلوچستان پروگرام کا حصہ ہے، بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس کو متحدہ عرب امارات نے اسپانسر کیا ہے، بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس سے مقامی آبادی کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم ہوں گی۔
کارڈیک ہسپتال میں جدید آپریشن تھیٹرز، ایکو اور نیوکلیئر کارڈیو سہولیات دستیاب ہوں گی، کارڈیک ہسپتال میں ماحول دوست بائیو میڈیکل ورکشاپ اور ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ بھی تعمیر ہو گا۔
این 50 موٹر وے کوئٹہ اور ڑوب کو ملائے گی جس کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا ہے، این پچاس شاہراہ کچلاک، مسلم باغ اور قلعہ سیف اللہ سے گزرے گی۔
این پچاس کی تعمیر سے کوئٹہ سے ڈی آئی خان کا سفر بارہ گھنٹوں کی بجائے چار گھنٹوں میں طے ہو گا،این پچاس کی تعمیر سے خیبر پختونخوا سے اشیاء کی سمندر تک تیز رفتار ترسیل ممکن ہو گی۔
کوئٹہ تا ژوب سڑک گوادر تک سی پیک مغربی روٹ کاحصہ ہے، یہ سڑک مغربی سرحد کے ساتھ ساتھ ذیلی علاقائی کوریڈور بھی ہو گا جو افغانستان،ایران کو پاکستان سے ملاتے ہوئے سی پیک مغربی روٹ تک رسائی دے گا۔
وزیراعظم نے کارڈیک انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے تعاون پر آرمی چیف کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ اپنے رابطوں کے ذریعے کارڈیک انسٹی ٹیوٹ کیلیے یو اے ای سے فنڈنگ لائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا ماضی میں حکمرانوں نے بلوچستان کے وسائل کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا، پرانے پاکستان کے طریقوں نے ہی ملک کو کنگال کیا ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں اب تبدیلی کی سوچ ہے، ملک کو فرسودہ نظام سے نکال کر تبدیلی لائیں گے، بلوچستان حکومت اور فوج کے ساتھ مل کر صوبے میں کینسر انسٹیٹیوٹ بھی بنائیں گے۔
گوادر میں سیاسی و قبائلی عمائدین وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے جس کے بعد وزیراعظم کراچی کے لیے روانہ ہو گئے۔
Comments are closed.