خاتون اول کی سہیلی بنی پہیلی،یہ فرح خان ہے کون؟

اسلام آباد(طیبہ خان) خاتون اول کی سہیلی بنی پہیلی،یہ فرح خان ہے کون؟ اپوزیشن رہنماوں نے جب خاتون اول پر تنقید شروع کی تو عمران خان سمیت پی ٹی آئی کا سخت ردعمل سامنے آیا، ناقدین نے اپنا ہدف بدلا اورتوپوں کا رخ فرح خان کی طرف موڑ دیا۔

ان دنوں اپوزیشن کے چند رہنماوں کے ساتھ ساتھ ان کا حامی میڈیا بھی کبھی شیخو پورہ میں فرح خان کے گاوں کی ترقی کی بات کررہاہے کبھی جہاز میں بیٹھے ان کی تصویر شیئر کرکے ان کے بیگ اور جوتوں کی قیمتیں بتاتے ہیں۔

خاتونِ اول کی قریبی ترین دوست فرح خان کا ذکر ہو رہا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں اور اہم رہنماؤں جن میں بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز بھی شامل ہیں، نے فرح خان پر کرپشن کے الزام عائد کیے ہیں۔

شادی کی تصویر میں فرح خان پیچھے کھڑی ہیں

عمران خان نے گزشتہ ہفتےہی کہہ دیا تھاکہ تھا کہ انہیں علم ہے کہ ان کے بارے میں اور خاص طور پر ان کی اہلیہ کی دوست فرح خان کے بارے میں آئندہ دنوں میں میڈیا میں کردارکُشی کی ایک مہم شروع کی جائے گی۔

لوگ اب جاننا چاہتے ہیں کہ طاقتور ترین خاتون سمجھی جانے والی فرح خان ہیں کون اور ان کا خاتونِ اول بشریٰ بی بی سے تعلق کیسا اور کتنا پرانا ہے؟

لوگوں نے سب سے پہلے فرح خان کا نام تب سنا جب وزیراعظم عمران خان کی تیسری شادی کی خبریں جنوری 2018 میں آنا شروع ہوئیں۔’یکم جنوری کو لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے بشریٰ بی بی سے نکاح کیا۔

بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان کے گھر نکاح کی یہ مختصر تقریب منعقد ہوئی،پہلے شادی کی خبروں کی تردید کی گئی تاہم ایک مہینے بعد شادی کی تصاویر جاری کی گئیں جس میں فرح خان موجود تھیں اور دلہا دلہن کے پیچھے کھڑی تھیں۔

فرح خان کو تب کوئی نہیں جانتا تھا اور ان کا تعارف محض بشریٰ بی بی کی قریبی دوست کے طور پر سامنے آیا۔ تاہم میڈیا میں فرح خان کا نام باقاعدہ طور پر اگست 2018 میں پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت بننے کے بعد تواتر سے آنا شروع ہوا۔

فرح خان کے بارے میں بعد میں پتہ چلا کہ وہ ایک کاروباری شخصیت احسن جمیل گجر کی بیگم ہیں۔ دونوں میاں بیوی کا نام پہلی مرتبہ تحریک انصاف کی حکومت بننے کے پہلے ہی مہینے میں اس وقت سامنے آیا جب احسن جمیل گجر پر اس وقت کے ڈی پی او پاکپتن رضوان گوندل کو تبدیل کروانے کا الزام لگایا۔

فرح خان تب بھی خبروں کی زینت بنیں جب خاتونِ اول بشریٰ بی بی نے لاہور کے دورے کئے تو فرح خان ہمیشہ ان کے ساتھ نظر آئیں۔ بشریٰ بی بی جب بھی لاہور گئیں تو انہوں نے پناہ گاہوں، ذہنی امراض کے ہسپتالوں اور دیگر سرکاری رفاہی منصوبوں میں فرح خان کو ہمیشہ اپنے ساتھ رکھا۔

حالیہ کچھ عرصہ میں جب عمران خان کی ناچاقی کی خبریں چلیں تب بھی یہ کہا گیا کہ خاتون اول اپنی دوست فرح خان کے گھر لاہور میں ہیں تاہم خود فرح خان نے بھی اور حکومت کے ایک ترجمان نے بھی ان خبروں کی تردید کی۔

Comments are closed.