جسٹس محسن کیانی کی جنرل (ر) اسد درانی کا مقدمہ سننے سے معذرت
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست سننے سے معذرت کرتے ہوئے مقدمہ چیف جسٹس اطہر من اللہ کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعہ کو اسد درانی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس محسن کیانی نے وکلا کو آگاہ کیا کہ وہ اس مقدمے کی مزید سماعت سے معذرت چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیس کا سارا بیگ گراؤنڈ جانتا ہوں اور فیصلہ لکھنے کے مرحلے میں تھا لیکن یہ افسوسناک ہے کہ میں اس کیس کی مزید سماعت نہیں کر سکتا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کے دوران عدالت میں موجود وکلا اور فریقین کو آگاہ کیا کہ کچھ ایسی وجوہات ہیں جو بتائی نہیں جا سکتیں، میں یہ کیس چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھیج رہا ہوں۔
انھوں نے کہا کہ یہ کیس چیف جسٹس کو بھجوایا تو وہ نیا بینچ تشکیل دینے کا فیصلہ کریں گے۔
واضح رہے جنرل ریٹائرڈ اسد درانی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست دائر کی تھی جبکہ وزارت دفاع نے مخالفت کی تھی۔
Comments are closed.