حیدر علی کو اوچھی حرکت پر جرمانہ
ملتان(سپورٹس ڈیسک)قومی ٹیم کا حال ہی میں حصہ بننے والے حیدر علی نے ڈومیسٹک نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں جہاں اچھی فارم دکھائی ہے وہاں ایک اوچھی حرکت جرمانہ کروا بیٹھے ہیں.
پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ابھرتے ہوئے بلے باز حیدر علی پر جرمانہ عائد کردیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق ملتان میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے پہلے مرحلے کے ساتویں میچ میں کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف کے لیے مقررہ ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی کرنے پر ناردرن کے بیٹسمین حیدر علی پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیاگیا ہے۔
پی سی بی اعلامیہ کے مطابق حیدر علی پر سینٹرل پنجاب کے خلاف میچ کے دوران امپائرکے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
یہ واقعہ آج ہی کے میچ کی پہلی اننگز کے نویں اوور کے دوران پیش آیا جب حیدر علی نے عثمان قادر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو دیے جانے کے فیصلے پر طیش میں آکر امپائر کو بلا دکھایا۔
آن فیلڈ امپائرز آفتاب گیلانی اور فیصل خان، تھرڈ امپائر ولید یعقوب اور فورتھ امپائر ناصر حسین نے حیدر علی کو پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.8 کی خلاف ورزی کرنے پر چارج کیا ہے۔
پی سی بی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حیدرعلی نے اپنی غلطی تسلیم کرلی ہے جس پر میچ ریفری افتخار احمد نے ان پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔
Comments are closed.