نئی حکومت کی بھارت کو دوستی کی پیشکش, کمزوری نہ سمجھاجائے، آرمی چیف
راولپنڈی (ویب ڈیسک )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مذاکرات ہی مسائل کے حل کا واحد راستہ ہیں اور نئی حکومت نے بھارت کی طرف بھی دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے ، اس پیشکش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیول اکیڈمی کراچی میں پاسنگ آوٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ کوئی ہمیں یا ہماری آزادی کو تھریٹ نہیں کر سکتا، ملک میں موجود امن بہت بھاری قیمت چکا کر حاصل کیا ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن و امان کی بحالی میں بہت بڑے پیمانے پر قربانیاں دی ہیں اور اپنے خون سے امن کی قیمت چکائی ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی نے جنگ کی ہیئت بدل دی ہے، دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرنا ابھی باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی حکومت نے خلوص کے ساتھ بھارت کی طرف امن و دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، امن سب کے مفاد میں ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور امن پر یقین رکھتا ہے، جنگیں موت اور تباہی لے کر آتی ہیں، تنازعات ہمیشہ مذاکرات کی میز پر حل ہوئے ہیں اور مذاکرات ہی مسائل کے حل کا واحد راستہ ہیں۔
پاک فوج کے سپہ سالار کا کہنا تھا کہ ہماری نئی نسل کو آگے بڑھنا اور پھلنا پھولنا ہے، وقت آگیا ہے کہ ایک دوسرے سے لڑنے کی بجائے بھوک، بیماری اور ناخواندگی سے لڑا جائے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم افغانستان میں مستقل امن کے لیے سرتوڑ کوشش کر رہے ہیں، اس مقصد کے لیے افغان امن عمل کی حمایت کر رہے ہیں۔
Comments are closed.