عمران خان سے جیل میں ملاقاتوں پر پابندی ، سپریم کورٹ نے جواب طلب کرلیا

عمران خان سے جیل میں ملاقاتوں پر پابندی ، سپریم کورٹ نے جواب طلب کرلیا

فوٹو : فائل

اسلام آباد : سابق وزیراعظم پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے جیل میں ملاقاتوں پر پابندی ، سپریم کورٹ نے جواب طلب کرلیا ، سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ملاقاتوں پر پابندی کے خلاف توہین عدالت کی درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تین ہفتوں میں جواب طلب کیا ہے۔

سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی ملاقاتوں پر پابندی کے خلاف توہین عدالت کی درخواستوں پر جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، ہوم سیکرٹری پنجاب، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے تین ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔

درخواست گزار سلمان اکرم راجا اور مشعال یوسفزئی کی جانب سے درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔ وکیل عزیر بھنڈاری نے عدالت کو بتایا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہو رہا اور اپیل طویل عرصے سے زیر التوا ہے۔

سماعت کے دوران جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ آیا وکالت نامہ جمع کرایا جا رہا ہے، جبکہ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ابتدا میں اسپیشل اٹارنی کے ذریعے اپیل دائر کی گئی تھی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ اپیل کو ایک ماہ تک نمبر نہیں لگا اور وکالت نامہ بھی موصول نہیں ہوا۔ جسٹس شاہد بلال نے ریمارکس دیے کہ آئندہ ہفتے بینچ دستیاب نہیں ہوگا، جس پر وکیل نے جلد سماعت کی استدعا کی۔ عدالت نے کیس کی سماعت تین ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔

Comments are closed.