بھارتی ناظم الامور گورو اہلووالیا کی دفتر خارجہ طلبی
اسلام آباد(ویب ڈیسک) بھارتی ناظم الامور گورو اہلووالیا کی کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ اور عام شہریوں کی شہادت پر دفتر خارجہ طلبی، سخت احتجاج کیا گیا ۔
اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ اور ڈی جی ساؤتھ ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے انھیں احتجاجی مراسلہ حوالے کیا ۔
گزشتہ روز بھارتی افواج کی ایل او سی کے نیزاپیر اور باگسار سیکٹرمیں بلااشتعال فائرنگ سے 50 سالہ نورجہاں بی بی شہید اور 3 بے گناہ شہری زخمی ہوئے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنا کردار ادا کرنے دے اور لائن آف کنٹرول و ورکنگ باونڈری پر معاہدے کی حقیقی روح کے مطابق امن برقرار رکھے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے زور دیا کہ بھارت جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے واقعات کی تحقیقات یقینی بنائے اور اپنی افواج کو 2003ء کی جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کرے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزیاں علاقائی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہیں اور کسی سنگین اسٹریٹجک غلط فہمی کا باعث بن سکتی ہیں، بھارتی افواج کا بے گناہ شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ انتہائی قابل مذمت ہے اور بین الاقوامی انسانی حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا کہ بھارتی افواج لائن آف کنٹرول پر تسلسل سے شہری آبادی کو خودکار اور بھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہی ہے، 2017ء سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے اور 1970 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔
Comments are closed.