صوبائی خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، شاہ محمود قریشی
اسلام آباد(زمینی حقائق) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ آئین کا احترام تھا، ہے اور رہے گا ہم صوبائی خودمختاری پر آنچ آنے نہیں دیں گے۔
آج قومی اسمبلی میں بولتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کراچی کو وفاق کے کنٹرول میں لینے سے متعلق فروغ نسیم کی بات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے.
انہوں نے آرٹیکل 149 کے بیان پر وضاحت بھی دی تھی تاہم بلاول کی سندھو دیش اور پختونستان کی بات مناسب نہیں، سندھو دیش اور پختونستان کی بات کرنے والے پٹ جائیں گے، بیرون ملک صوبائی تعصب کی لہر کا تاثر نہ دیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آئین کا احترام تھا، ہے اور رہے گا، ہم صوبائی خودمختاری پر آنچ آنے نہیں دیں گے، سندھ اس ملک کی ایک اہم اکائی ہے، نہ سندھ حکومت میں کوئی چھیڑ چھاڑ کریں گے اور نہ ہی سندھ کے عوام کی حب الوطنی پر شک ہے، سب وفاق کا ساتھ دیں گے۔
مسئلہ کشمیر سے متعلق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت آج منہ دکھانے کے قابل نہیں ہے، امریکی کانگریس کے چار اراکین نے ٹرمپ کو خط لکھا ہے،17 ستمبر کو یورپین پارلیمنٹ میں کشمیر کا مسئلہ اٹھایا جائے گا.
وزیر خارجہ نے کہا آج ہندوستان جتنی دفاعی پوزیشن میں ہے اتنا ماضی قریب میں دکھائی نہیں دیا، ہندوستان کو ہر فورم پر سبکی اٹھانا پڑی، اللہ کے فضل سے اٹھاون ممالک نے پاکستان کے موقف کی توثیق کی۔
Comments are closed.