مریم نواز کو نیب نے گرفتار کر لیا
لاہور(ویب ڈیسک )مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز اور ان کے چچا زاد بھائی یوسف عباس کونیب نےچوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مریم نواز اپنے والد سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے کوٹ لکھپت پہنچیں تھیں جہاں سے نیب اہلکاروں نے انہیں حراست میں لے لیا۔
گرفتاری کے بعد نیب نے اپنے اعلامیے میں مریم نواز اور یوسف عباس کو چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار کرنے کی تصدیق کر دی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب کے حکم پر ڈاکٹرز کی ٹیم دونوں کا طبعی معائنہ کرے گی اور کل انہیں احتساب عدالت لاہور میں ریمانڈ کے لیے پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ یوسف عباس نواز شریف کے بھتیجے ہیں اور انہیں بھی نیب نے مذکورہ کیس میں طلب کر رکھا تھا۔
نیب ذرائع کا کہنا ہےکہ مریم نواز 31 جولائی کے سوالنامے کے تسلی بخش جواب نہیں دے سکی تھیں، جس پر انہیں آج یعنی 8 اگست کو نیب نے طلب کر رکھا تھا۔
نیب کی جانب مریم نواز کو دیئے گئے سوالنامے میں سرمایہ کاری اور اراضی سے متعلق مختلف سوالات کیے گئے ہیں۔
سوالنامے میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز چوہدری شوگر ملز کی تفصیلات فراہم کریں، مل کب لگائی گئی، سرمایہ کاری کہاں سے آئی اور شیئر ہولڈرز کون ہیں۔
سوالنامے میں مزید کہا گیا ہےکہ 21 مئی 2008 کی غیر ملکیوں کی سرمایہ کاری کا جواب دیں اور 4 موضع جات میں خریدی گئی اراضی کی تفصیل بھی فراہم کریں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مریم نواز نے دوسری بار سوالنامہ ملنے پر مزید جواب دینے سے انکار کر دیا تھا۔
Comments are closed.