آئی ایف جے کا شہباز شریف کو خط، صحافیوں کیلئے سائبرز قوانین پر اظہارِ تشویش

فوٹو : فائل اے آئی

اسلام آباد: انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (IFJ) نے وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور چیئرمین سینیٹ کے نام خط ارسال کرتے ہوئے پاکستان میں میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں، بقایا تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور صحافیوں کو درپیش مسائل پر گہری تشویش کااظہار کیا ہے۔

خط میں آئی ایف جے نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ جنگ گروپ، دنیا میڈیا گروپ، ایک نیوز، سنو نیوز، آج نیوز، 365 نیوز، نیوز ون سمیت دیگر میڈیا اداروں میں ہونے والی جبری برطرفیوں کی فوری اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

آئی ایف جے نے اپنے خط میں کہا ہے کہ پاکستان میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے روزگار کا تحفظ یقینی بنایا جائے، بقایا تنخواہیں فوری ادا کی جائیں اور تمام میڈیا اداروں میں لیبر قوانین پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے۔ تنظیم نے زور دیا کہ کسی بھی میڈیا ملازم کو قانونی تقاضے، پیشگی نوٹس اور واجب الادا معاوضے کے بغیر ملازمت سے نہ نکالا جائے۔

خط میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور فری لانس میڈیا ورکرز کو بھی دیگر ملازمین کی طرح مکمل لیبر تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ میڈیا انڈسٹری میں کام کرنے والے تمام افراد یکساں قانونی حقوق سے مستفید ہو سکیں۔

آئی ایف جے نے پاکستان میں صحافیوں کو ہراساں کیے جانے، قانونی دباؤ اور سائبر قوانین کے مبینہ غلط استعمال پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے پیکا سمیت آزادی اظہار کو محدود کرنے والے قوانین پر مؤثر نظرثانی اور ضروری ترامیم کا مطالبہ کیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ صحافیوں کے خلاف قانونی اور سائبر کرائم قوانین کے استعمال کا ازسرنو جائزہ لیا جانا چاہیے تاکہ آزادی صحافت کو یقینی بنایا جا سکے۔

تنظیم نے اپنے خط میں اس بات پر زور دیا کہ میڈیا کی آزادی، صحافیوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور آزادانہ صحافت جمہوری نظام کے استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔ آئی ایف جے کے مطابق پاکستان میں میڈیا انڈسٹری کو درپیش بحران فوری حکومتی توجہ کا متقاضی ہے، بصورت دیگر آزاد صحافت مزید متاثر ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کے صدر رانا محمد عظیم نے آئی ایف جے کی جانب سے پاکستانی میڈیا ورکرز کے مسائل پر آواز اٹھانے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی صحافتی تنظیم کی تشویش موجودہ صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے۔

پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل شکیل احمد نے کہا کہ حکومت پاکستان کو میڈیا ہاؤسز میں جبری برطرفیوں، تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور لیبر قوانین کی خلاف ورزیوں کا سخت نوٹس لینا چاہیے تاکہ صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

آئی ایف جے کا شہباز شریف کو خط، صحافیوں کیلئے سائبرز قوانین پر اظہارِ تشویش

Comments are closed.