لاہور، اسلام آباد موٹروے (ایم-2) پر ٹول ٹیکس میں 7 فیصد اضافہ، نئے ریٹس نافذ
فوٹو : فائل
اسلام آباد: نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے لاہور، اسلام آباد موٹروے (ایم-2) پر ٹول ٹیکس میں 7 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نظرثانی شدہ ٹول ریٹس 5 جولائی 2026 سے نافذ ہو گئے ہیں اور 23 اپریل 2027 تک مؤثر رہیں گے۔
این ایچ اے کے مطابق ٹول ریٹس میں اضافہ این ایچ اے اور موٹر وے آپریشنز اینڈ ری ہیبیلیٹیشن انجینئرنگ (MOR) کے درمیان ہونے والے کنسیشن معاہدے کے تحت کیا گیا ہے۔ مور، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کا ذیلی ادارہ ہے جو لاہور، اسلام آباد موٹروے (ایم-2) کی اوورلے اور ماڈرنائزیشن کا منصوبہ چلا رہا ہے۔
اعلامیے کے مطابق 20 سالہ بی او ٹی (BOT) معاہدے کے 13ویں سال کے آغاز پر معاہدے کی شرائط کے تحت ٹول ٹیکس میں 7 فیصد اضافہ نافذ کیا گیا ہے۔
نظرثانی شدہ نرخوں کے مطابق کار، جیپ اور ٹیکسی کا ٹول 1,430 روپے، ویگن کا 2,390 روپے، کوسٹر کا 3,350 روپے، بس کا 4,770 روپے، دو اور تین ایکسل ٹرک کا 6,210 روپے جبکہ آرٹیکیولیٹڈ ٹرک کا ٹول 7,980روپے مقرر کیا گیا ہے۔
این ایچ اے کے مطابق نئے ٹول ریٹس فی کلومیٹر کی بنیاد پر مقرر کیے گئے ہیں۔ کلاس ون (کار، جیپ، ٹیکسی) کے لیے 3.98 روپے فی کلومیٹر، کلاس ٹو (ویگن) کے لیے 6.68 روپے فی کلومیٹر، کلاس تھری (کوسٹر) کے لیے 9.34 روپے فی کلومیٹر، کلاس فور (بس) کے لیے 13.32 روپے فی کلومیٹر، کلاس فائیو (2 اور 3 ایکسل ٹرک) کے لیے 17.33 روپے فی کلومیٹر مقرر کیا گیا.
اسی طرح کلاس سکس (آرٹیکیولیٹڈ ٹرک) کے لیے 22.29 روپے فی کلومیٹر ٹول ریٹ مقرر کیا گیا ہے۔
این ایچ اے کے مطابق لاہور، اسلام آباد موٹروے (ایم-2) پر یہ نظرثانی شدہ ٹول ریٹس 23 اپریل2027 تک نافذ العمل رہیں گے۔
لاہور، اسلام آباد موٹروے (ایم-2) پر ٹول ٹیکس میں 7 فیصد اضافہ، نئے ریٹس نافذ
Comments are closed.