نیشنل پریس کلب میں کونسل ممبرز کیلئے جدید ڈیجیٹل میڈیا ٹریننگ کورسز کا آغاز
فوٹو : سوشل میڈیا
اسلام آباد: نیشنل پریس کلب اسلام آباد نے اپنے کونسل ممبران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو جدید ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایک ماہ پر مشتمل خصوصی تربیتی پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
اس جدید ٹریننگ پروگرام کے تحت صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کو موبائل جرنلزم (MoJo)، مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence – AI) ٹولز کے مؤثر استعمال، ویڈیو ایڈیٹنگ، سوشل میڈیا مینجمنٹ، یوٹیوب کانٹینٹ کری ایشن، ڈیجیٹل برانڈنگ، فری لانسنگ اور آن لائن آمدن کے جدید ذرائع سے متعلق جامع اور عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔
اس تربیتی پروگرام کا بنیادی مقصد نیشنل پریس کلب کے ممبران کو بدلتے ہوئے میڈیا منظرنامے اور جدید ڈیجیٹل صحافت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے تاکہ وہ روایتی صحافت کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی مؤثر، معیاری اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنی خدمات انجام دے سکیں، اپنی ڈیجیٹل موجودگی کو مضبوط بنا سکیں اور نئی ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے روزگار اور آمدن کے نئے مواقع حاصل کر سکیں۔
کورسز کے دوران تجربہ کار ٹرینرز، ڈیجیٹل میڈیا ایکسپرٹس اور متعلقہ شعبوں کے ماہرین عملی ورکشاپس (Workshops) اور ہینڈز آن (Hands-on) سیشنز کے ذریعے شرکاء کو جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل جرنلزم، AI ٹولز، کانٹینٹ پروڈکشن، ویڈیو ایڈیٹنگ، سوشل میڈیا آپٹیمائزیشن اور ڈیجیٹل برانڈنگ کی جدید مہارتیں سکھائیں گے تاکہ وہ عملی میدان میں ان مہارتوں کو مؤثر انداز میں استعمال کر سکیں۔

اس موقع پر نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر عبدالرزاق سیال نے کہا کہ صحافت کا شعبہ تیزی سے ڈیجیٹل تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہا ہے، جہاں مصنوعی ذہانت، موبائل جرنلزم، سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز جدید صحافت کا لازمی حصہ بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نیشنل پریس کلب نے اپنے ممبران کو عصر حاضر کی جدید صحافتی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے ایک ماہ پر مشتمل جامع تربیتی پروگرام کا آغاز کیا ہے تاکہ صحافی نہ صرف اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کر سکیں بلکہ ڈیجیٹل میڈیا، فری لانسنگ اور آن لائن آمدن کے نئے مواقع سے بھی بھرپور استفادہ حاصل کریں۔
صدر نیشنل پریس کلب نے مزید کہا کہ یہ پروگرام مکمل طور پر عملی نوعیت کا ہے، جس میں شرکاء کو جدید AI Tools، ویڈیو ایڈیٹنگ، یوٹیوب کانٹینٹ کری ایشن، ڈیجیٹل برانڈنگ، سوشل میڈیا مینجمنٹ، موبائل جرنلزم اور دیگر جدید ڈیجیٹل مہارتوں کی باقاعدہ تربیت فراہم کی جائے گی، تاکہ پاکستانی صحافی عالمی میڈیا انڈسٹری میں ہونے والی تیز رفتار تبدیلیوں کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔
نیشنل پریس کلب کے سیکرٹری ڈاکٹر فرقان رؤف نے اس موقع پر کہا کہ نیشنل پریس کلب اپنے ممبران کی پیشہ ورانہ ترقی، استعداد کار میں اضافے اور جدید صحافتی مہارتوں کے فروغ کے لیے مستقبل میں بھی اس نوعیت کے معیاری اور جدید تربیتی پروگراموں کا انعقاد جاری رکھے گا .
اس کا مقصد یہ ہے کہ پاکستانی صحافی عالمی معیار کی ڈیجیٹل صحافت میں نمایاں کردار ادا کر سکیں اور بین الاقوامی میڈیا کے بدلتے ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگ رہیں۔
نیشنل پریس کلب میں کونسل ممبرز کیلئے جدید ڈیجیٹل میڈیا ٹریننگ کورسز کا آغاز
Comments are closed.