حکومت نے پٹرولیم لیوی میں ردوبدل کر دیا، پٹرول پر کمی اور ڈیزل پر اضافہ
فوٹو : فائل
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر عائد پٹرولیم لیوی، فریٹ مارجن اور دیگر اخراجات میں ردوبدل کرتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول پر فی لیٹر پٹرولیم لیوی میں 9 روپے 34 پیسے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پٹرول پر لیوی کی شرح 116 روپے 8 پیسے سے کم ہو کر 106 روپے 74 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 8 روپے 67 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی 44 روپے 59 پیسے سے بڑھ کر 53 روپے 26 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
حکومت نے پٹرول پر فریٹ مارجن میں بھی 4 روپے 45 پیسے فی لیٹر کمی کر دی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کے فریٹ مارجن میں 2 روپے 1 پیسہ فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول پر ضمنی اخراجات اور ڈیوٹیز کی مد میں 9 روپے 30 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر اسی مد میں 9 روپے 57 پیسے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے۔
حکومت نے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں پر ڈیلرز مارجن بدستور 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر برقرار رکھا ہے۔
ماہرین کے مطابق پٹرولیم لیوی اور دیگر چارجز میں اس ردوبدل کا مقصد حکومتی محصولات اور پٹرولیم سیکٹر کی مالی ضروریات میں توازن پیدا کرنا ہے، تاہم اس کے اثرات کا انحصار آئندہ قیمتوں کے تعین پر ہوگا۔
حکومت نے پٹرولیم لیوی میں ردوبدل کر دیا، پٹرول پر کمی اور ڈیزل پر اضافہ
Comments are closed.