عمران خان کی ہسپتال منتقلی کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج

عمران خان کی ہسپتال منتقلی کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج

فوٹو : فائل

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج ،سپریم کورٹ آف پاکستان میں بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی اور ذاتی معالجین سے ملاقات کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عظمیٰ خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے اپیل دائر کر دی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں تمام حقائق اور زمینی صورتحال کو مدنظر نہیں رکھا۔ درخواست گزار کے مطابق عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو فوری علاج کی سہولت فراہم کرنے اور اسپتال منتقل کرنے کے بجائے صرف میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا، جو مسئلے کا مؤثر حل نہیں تھا۔

اپیل میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ نے اپنے سابقہ احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کے معاملے کو بھی نظر انداز کیا، حالانکہ اس سے قبل بھی طبی سہولیات اور معالجین سے ملاقات کے حوالے سے عدالتی احکامات جاری کیے جا چکے تھے۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ اگرچہ وہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں باضابطہ فریق نہیں تھیں، تاہم اس معاملے سے براہِ راست متاثرہ فریق ہیں، اس لیے انہیں سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا حق حاصل ہے۔

درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

مزید یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ان کے ذاتی معالجین سے ملاقات اور طبی معائنے کی اجازت دی جائے تاکہ ان کی صحت سے متعلق خدشات دور کیے جا سکیں۔

قانونی ماہرین کے مطابق سپریم کورٹ میں دائر یہ اپیل سیاسی اور قانونی حلقوں میں اہمیت اختیار کر گئی ہے کیونکہ اس کا تعلق قیدیوں کے طبی حقوق، عدالتی احکامات پر عملدرآمد اور بنیادی انسانی حقوق سے جوڑا جا رہا ہے۔

Comments are closed.