چوہدری شوگرملز کیس ختم،لاہور ہائی کورٹ کا مریم نواز کو 7 کروڑ روپے واپس کرنے کا حکم
فوٹو : فائل
لاہور: چوہدری شوگرملز کیس ختم،لاہور ہائی کورٹ کا مریم نواز کو 7 کروڑ روپے واپس کرنے کا حکم ، عدالت نےچوہدری شوگر ملز کیس میں بطور ضمانت جمع کرائے گئے 7 کروڑ روپے واپس کرنے کی درخواست منظور کر لی۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں قائم 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس دوران مریم نواز کے وکلا کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ نیب کی جانب سے چوہدری شوگر ملز کیس ختم کیے جانے کے بعد زرِ ضمانت واپس کیا جانا قانونی حق ہے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست منظور کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بطور گارنٹی جمع کروائی گئی رقم واپس کی جائے۔
واضح رہے کہ چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی ضمانت کے وقت عدالت میں 7 کروڑ روپے بطور سیکیورٹی جمع کروائے گئے تھے۔ بعد ازاں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے کیس ختم کیے جانے اور کارروائی نہ بڑھانے کے بعد زرِ ضمانت کی واپسی کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔
قانونی ماہرین کے مطابق کسی بھی فوجداری یا نیب مقدمے کے خاتمے کے بعد عدالت میں جمع کروائی گئی ضمانتی رقم یا سیکیورٹی واپس لینے کا قانونی راستہ موجود ہوتا ہے، اور اسی بنیاد پر عدالت نے یہ فیصلہ سنایا۔
سماعت کے دوران عدالت میں نیب حکام اور درخواست گزار کے وکلا بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق عدالت نے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ چونکہ اصل مقدمہ مزید کارروائی کے بغیر ختم ہو چکا ہے، اس لیے زرِ ضمانت روکنے کا جواز باقی نہیں رہا۔
چوہدری شوگر ملز کیس ماضی میں ملک کے اہم سیاسی اور قانونی مقدمات میں شمار ہوتا رہا ہے، جس میں مالی بے ضابطگیوں اور منی لانڈرنگ سے متعلق الزامات زیرِ بحث آئے تھے۔ تاہم بعد ازاں کیس کی قانونی حیثیت اور شواہد کے معاملات پر نیب نے کارروائی آگے نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔
Comments are closed.