عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں پہلے ہی اصافہ ہو چکا

عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں پہلے ہی اصافہ ہو چکا

فوٹو : فائل

اسلام آباد: عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں پہلے ہی اصافہ ہو چکا ہے اوروزیراعظم شہبازشریف نے گزشتہ روز اس میں اضافہ کرنے کا عندیہ دیا تھا بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں جمعرات کے روز غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں قیمتیں ایک موقع پر سات ڈالر تک بڑھ گئیں، جس کے بعد پاکستان میں پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اس اچانک اضافے کی بڑی وجہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی ہے۔ رپورٹس کے مطابق امریکا ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے ممکنہ فوجی کارروائی پر غور کر رہا ہے، جس کے بعد مشرقِ وسطیٰ سے تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔

اس صورتحال کے باعث عالمی توانائی مارکیٹس میں بے چینی دیکھی جا رہی ہے، جبکہ پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان متوقع ہے۔ حکومت کی جانب سے جلد نئی قیمتوں کا تعین کیا جائے گا، جو عالمی مارکیٹ میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے مطابق ہوگا۔

واضح رہے کہ 24 اپریل کو حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، جس کے بعد ملک میں پیٹرول کی قیمت 393 روپے 35 پیسے جبکہ ڈیزل 380 روپے 19 پیسے فی لیٹر کی سطح پر پہنچ چکی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران عندیہ دیا تھا کہ جمعہ کو پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا، جو عالمی قیمتوں کو مدنظر رکھ کر مقرر ہوں گی۔

عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ کی قیمتوں میں ایک موقع پر تقریباً 7 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 126 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئیں، جو روس یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد بلند ترین سطح تصور کی جا رہی ہے۔

اسی طرح امریکا میں تجارت ہونے والے ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ تقریباً 108 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

Comments are closed.