یوٹیوبر رجب بٹ اور ندیم نانی والا کی سفری پابندیاں ختم نہ ہو سکیں
فوٹو : فائل
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹک ٹاکر و یوٹیوبر رجب بٹ اور ندیم نانی والا کی سفری پابندیاں ختم نہ ہو سکیں، عدالت نے نام سفری پابندی (ای سی ایل) سے نکالنے کی درخواستوں پر سماعت 26 مارچ تک ملتوی کردی۔
جسٹس محمد اعظم خان نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے بیرسٹر راجہ قدیر جنجوعہ اور احد کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سرکار کی جانب سے جواب جمع نہ کرایا جا سکا اور مہلت کی استدعا کی گئی۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سفری پابندی کے باعث دونوں افراد کے ویزے ختم ہو رہے ہیں، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ ویزے کب ختم ہو رہے ہیں۔
وکیل احد کھوکھر نے بتایا کہ ایک درخواست گزار کا ویزا مارچ میں ہی ختم ہو جائے گا جبکہ دوسرے کا بعد میں۔
عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ ویزے ختم ہونے کا مسئلہ درپیش ہے تو جواب کیوں جمع نہیں کرایا گیا۔ سرکاری وکیل نے عید کے بعد کی تاریخ دینے کی استدعا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ جواب جمع کرا دیا جائے گا۔
جسٹس محمد اعظم خان نے ریمارکس دیے کہ ویزے ختم ہونے کا مسئلہ اہم ہے، اس لیے کیس کی سماعت عید کے فوری بعد کی جائے گی، اور سماعت 26 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔
Comments are closed.