جنوبی کوریا میں طیارہ حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد 176 ہوگئی
فوٹو: سوشل میڈیا
سیئول: جنوبی کوریاکا طیارہ لینڈنگ کے دوران خوفناک حادثے کا شکار ہو گیا،جنوبی کوریا میں طیارہ حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد 176 ہوگئی ،حادثہ کے فوری بعد 47 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ جنوبی کوریا موان ائیرپورٹ پر پیش آیا، حادثے میں 176 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے، 2 افراد کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ طیارےکے عقبی حصے میں موجود مسافروں کوبچانےکی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
بہت سے افراد طیارے سے باہر گرنےکے باعث ہلاک ہوئے، طیارہ حادثہ ممکنہ طورپرپرندہ ٹکرانےاورخراب موسم کے باعث پیش آیا تاہم حادثےکی اصل وجہ کا اعلان مکمل تحقیقات کے بعدکیا جائےگا۔
جنوبی کوریا کی وزارت ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے قبل کنٹرول ٹاور نے طیارے سے پرندے ٹکرانےکی وارننگ بھیجی تھی۔
اس حوالے سے سی ای او جیجو ائیر کا کہنا ہےطیارہ حادثے کی وجوہات ابھی تک غیر واضح ہیں، طیارے کی خرابی کے کوئی ابتدائی شواہد نہیں ملے، گرنے والےطیارے کے حادثات کا کوئی سابقہ ریکارڈ نہیں تھا، طیارہ حادثے پر معذرت خواہ ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ طیارے کو حادثہ لینڈنگ گیئر میں خرابی کے سبب پیش آیا،طیارہ رن وے سے اتر کر رن وے کے گرد لگی باڑھ سے جا ٹکرایا جس سے طیارے میں آگ بھڑک اٹھی تاہم بعد ازاں ایمرجینسی عملے نے طیارے میں لگی آگ بجھا دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی کورین ائیرلائن کے طیارے میں 175 مسافر اور 6 فلائٹ اٹینڈنٹ سوار تھے جبکہ طیارہ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک سے واپس آرہا تھا۔
واضح رہے کہ موان ائیر پورٹ طیارہ حادثہ 1997 کے بعد سے کسی بھی جنوبی کوریائی ائیر لائن کا بدترین حادثہ ہے، جنوبی کوریا میں 1997 کے طیارہ حادثے میں 200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
Comments are closed.