تحریک انصاف کے اسلام آباد جلسہ کا این او سی انتظامیہ نے منسوخ کردیا
فوٹو: فائل
اسلام آباد: تحریک انصاف کے اسلام آباد جلسہ کا این او سی انتظامیہ نے منسوخ کردیا، یہ فیصلہ چیف کمشنر اسلام آباد کی زیر صدرات محرم الحرام اور دیگر سیکورٹی خدشات کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے ہونے والے اعلی سطح کے اجلاس میں کیاگیا۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ اجلاس میں سیکورٹی اداروں کے افسران موجود تھے تاہم ایک سیاسی جماعت دعوت کے با وجود اجلاس میں شریک نہ ہوئی۔
اجلاس میں جلسے سے متعلق درخواستوں کو بھی جائزہ لیا گیا،ڈپٹی کمشنر کی طرف سے دی جانے والی اجازت کا موجودہ سکیورٹی خدشات کے تناظر میں از سر نو جائزہ لیا گیا۔
چیف کمشنر اسلام آباد نے درخواستوں، سیکورٹی کی موجودہ صورت حال۔ محرم الحرام کی آمداور سیکورٹی خدشات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سفارشات کی روشنی میں این او سی معطلی کافیصلہ کیا۔
اسلام آباد انتظامیہ کے اعلامیہ کے مطابق جلسے کے این او سی کی معطلی کا فیصلہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کیا گیا ہے۔
اسلام اباد میں امن عامہ کو برقرار رکھنا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری ترجیح ہے اس لئے شہریوں کے تحفظ کےلئے این او سی معطل کیا گیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے 6 جولائی کو سیاسی پارٹی کے جلسے کا اجازت نامہ منسوخ کردیا ہے
اجازت نامہ کے بغیر کسی جلسے کی اجازت نہیں، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، اسلام آباد پولیس شہر میں ہر صورت امن و امان کے قیام کو یقینی بنائے گی۔
Comments are closed.