ہلالِ احمر نے کورونا خطرات میں بھی خدمات کا سفر جاری رکھا، ابرار الحق

اسلام آباد(وقار مغل فانی )چیئرمین ہلال ِاحمر پاسکتان ابرار الحق کا کہنا تھا کہ  ہلالِ احمر کے رضاکاروں نے فرسٹ ایڈ کی فراہمی، بروقت خون کی فراہمی کورونا چیلنجز کے باوجود بھی جاری رکھی.

عالمی ریڈکراس/ ریڈکریسنٹ ڈے کے موقع پر اپنے ایک بیان میں ابرار الحق نے کہا اشیاء خوراک کی تقسیم، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صحت عامہ سے متعلق آگاہی پھیلانے کا کام جاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایسے چیلنجز میں بھی ہلالِ احمر کے رضاکاروں نے ”نہ رُکنے“ کی مثال قائم کرکے دِل جیت لیے ہیں، ہلال ِاحمر کے عملہ اور رضاکاروں نے وباء کے دوران قابلِ رَشک قابل ِ ستائش خدمات فراہم کیں.

ہلالِ احمر نے کورونا وباء کیخلاف متعدد اقدامات اُٹھائے۔ ہماری آگاہی مہم مؤثر رہی، کورونا محافظ فورس نے گرانقدر کردار ادا کیا۔ آگاہی ہیلپ لائن سے ہزاروں لوگ مستفید ہوئے اور سب سے بڑھ کر راولپنڈی میں کورونا کیئر ہسپتال کا قیام ہے.

ان کا کہنا تھا کہ اب یہی اسپتال ماس ویکسی نیشن سنٹر کے طور پر کام کررہا ہے۔ یہ سب کچھ ہلال ِاحمر کے عملہ اور رضاکاروں کی بدولت ممکن ہوا۔

ابرار الحق نے اِس موقع پر ہیلتھ کیئر ورکرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہا۔انہوں نے اِس عزم کا اظہار کیا کہ دنیا کو محفوظ اور پرُ امن بنانے کیلئے ہماری کمٹمنٹ رُکنے والی نہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہلالِ احمر انسانیت کی خدمت کا سفر بلا تعطل جاری رکھے ہوئے ہے اور بلا امتیاز یہ سفر جاری رہے گا۔

ہلال ِاحمر پاکستان نے ورلڈ ریڈکراس/ ریڈ کریسنٹ ڈے کے موقع پر جاری اعلامیہ میں اِس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہمارا عملہ، ہمارے رضاکار کورونا وباء کی اِس ناگفتہ بہ صورتحال میں جس جانفشانی سے انسانیت کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں.

کمزور طبقات کی مدد و تعاون ہلال ِاحمر کا طرہ امتیاز ہے۔ دنیا بھر میں ہر سال 8 مئی کو عالمی ریڈکراس/ ریڈکریسنٹ ڈے منایا جاتا ہے۔

یہ دِن ہمیں یاد دِلاتا ہے کہ ہلالِ احمر ہمیشہ فرنٹ لائن پررہ کر قدرتی آفات، سانحات، حادثات کے علاوہ وباء کے دوران انسانیت کی خدمت کرتا ہے۔دنیا بھر میں 192 نیشنل ریڈکراس/ ریڈکریسنٹ سوسائٹیاں کام کرتی ہیں۔ ایک لاکھ 60 ہزار کے قریب مقامی شاخیں متحرک و فعال ہیں.

اعلامیہ نے کہا کہ 14 ملین رضاکار خدمت ِ انسانیت کے سفر میں شریک ہیں۔ اَمسال اِس دِن کی مناسبت سے موضوع، نہ رکنے والا ہے۔جو ہمیں نہ رُکنے کی ترغیب دیتا ہے، موجودہ صورتحال میں بھی ہلالِ احمر سوسائٹیز اپنابھرپور کردار ادا کررہی ہیں۔

Comments are closed.