وزیراعظم کادورہ سعودی عرب، متعدد معاہدو ں و یاداشتوں پر دستخط ہونگے


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیر اعظم عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر آج سے سعودی عرب کا 3 روزہ دورہ کررہے ہیں ان کے ہمراہ وزیر خارجہ سمیت وزراء بھی ہوں گے۔

دورے کی تیاریوں کے لیے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مشرق وسطیٰ علامہ طاہر اشرفی اور معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل جمعرات کوہی جدہ پہنچ چکے ہیں۔

جمعرات کوجدہ میں پاکستان قونصلیٹ میں علامہ طاہر اشرفی اور ڈاکٹر شہباز گل نے وزیر اعظم عمران خان کے دورے کی اہمیت، پاکستان اور سعودی عب کے تاریخی تعلقات، گرین پاکستان اور مشرق وسطی اور اسلاموفوبیا کے حوالے سے مقامی عربی میڈیا کو بریف کیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مشرق وسطیٰ علامہ طاہر اشرفی کے مطابق وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات کے ساتھ عالم اسلام کے مسائل اور امت کے مسائل پر بات ہوگی۔

علامہ طاہر اشرفی کے مطابق آٹھ سے زیادہ معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں جن میں معاشی، تجارتی، سرمایہ کاری اور مملکت میں پاکستانیوں کے لیے روزگار شامل ہیں۔

عمران خان کے دورے میں جن شعبوں میں معاہدوں پر دستخط ہونا ہیں ان میں گرین پاکستان، گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی، نیشنل سپریم کوآرڈینیشن کونسل کی تشکیل، وزارت داخلہ اور وزارت ثقافت اور اطلاعات کے حوالے سے کچھ معاہدے شامل ہیں۔

عمران خان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی رہنماوں سے ملاقات کے بعد عمرے کے لیے جائیں گے اور مدینہ منورہ میں روضہ رسول پر حاضری دیں گے، دورے کے اختتام پر حتمی اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا، جسے حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین سے بھی ملاقات کریں گے۔ جس میں اسلامو فوبیا اور دیگر عالم اسلام کے مسائل کے پر بات ہو گی۔

ذرائع کے مطابق جدہ میں پاکستانی کمیونٹی کے نمائندہ اجتماع سے ان کا خطاب بھی شیڈول ہے۔ اس میں گورنر سٹیٹ بینک روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اور اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے مختلف سکیموں کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔

پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں وزیراعظم اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے حکومتی اقدامات سے آگاہ کریں گے۔

سعودی عرب میں پاکستان کے نئے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ خطے کی صورت حال میں یہ دورہ نہایت اہمیت کا حامل ہے،شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ ناموس رسالت پر پوری مسلم دنیا اکٹھے ہوکر آواز بلند کرے۔

Comments are closed.