کوئی گروہ ریاست کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا، فواد چوہدری

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی وزیر فواد چوہدری نے واضح کیا ہے کہ کسی گروہ کو یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ وہ ریاست کو ڈکٹیٹ کر لے گا۔ حکومت فیصلے گروہوں پر نہیں چھوڑ سکتی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد اسلام آباد میں بریفنگ میں تحریک لبیک کے احتجاج کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی ریاست ہے جس کو ڈکٹیٹ نہیں کیا جا سکتا۔

انھوں نے کہا کہ آپ صرف بات کر سکتے ہیں، اپنے مطالبات سامنے رکھ سکتے ہیں۔ان کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، جہلم اور بہاولپور میں رینجرز تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

فواد چوہدری نے اجلاس میں ہونے والے دیگر فیصلوں کے حوالے سے بتایا کہ سٹوڈنٹ ویزا فیس میں کمی کی جا رہی ہے جبکہ اب تارکین وطن کو وراثتی سرٹیفکیٹ کے لیے واپس نہیں آنا پڑے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مختلف ممالک میں قائم پاکستانی سفارت خانوں سے رابطہ کر کے سرٹیفکیٹ حاصل کئے جا سکیں گے.

وفاقی وزیرفواد چوہدری نے بتایا کہ وفاقی وزیر اسد عمر نے کابینہ کو کورونا کی صورت حال کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کورونا ویکسین کی درآمد کے لیے کمیٹی بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔

فواد چوہدری نے مہنگائی کے حوالے سے سوال پر کہا کہ چینی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے، صورت حال مزید بہتر ہو جائے گی حکومت اس پر کام کر رہی ہے.

Comments are closed.